1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں چار غیر ملکی صحافی گرفتار

6 نومبر 2009

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق چار غیر ملکی صحافیوں کو تہران میں امریکہ مخالف مظاہروں کی رپورٹنگ کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان صحافیوں کو بدھ کے روز گرفتار کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/KPzp
تصویر: AP

گرفتارشدگان میں سے دو صحافی کینیڈا جبکہ ایک جاپان اور ایک ڈنمارک کے شہری ہیں۔ فارس نیوزایجنسی کے مطابق گرفتارشدگان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ خبر رساں ادارے نے مزید تفصیلات نہین بتائیں تاہم ہے کہ ان صحافیوں پر الزام ہےکہ انہوں نے بغیر پیشگی اجازت کے امریکہ مخالف مظاہروں کی رپورٹنگ کی۔

آج جمعے کے روز تہران کے دفتر استغاثہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی خبر رساں ادارے AFP کے لئے صحافتی ذمہ داریاں انجام دینے والے فرہاد پاؤلادی کی گرفتاری کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

Iran Proteste Opposition
سیکیورٹی فورسز کے اہلکار حکومت مخالف مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوششوں میںتصویر: AP

واضح رہے کہ 1979 کے ایرانی اسلامی انقلاب کے موقع پر ایرانی طلبا نے تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضہ کر لیا تھا۔ اسی پس منظر میں بدھ کے روز، اس واقعے کے تیس سال مکمل ہوئے اور تہران میں بعض مقامات پر امریکہ مخالف مظاہرے ہوئے، لیکن یہ مظاہرے اس وقت ایک نیا رخ اختیار کر گئے، جب اصلاحات پسندوں نے بھی صدر احمدی نژاد کے خلاف مظاہرے شروع کردئے۔

متنازعہ صدارتی انتخابات اور احمدی نژاد مخالف ان مظاہروں نےامریکہ مخالف مظاہروں سے زیادہ اہمیت اختیار کرلی۔

اصلاحات پسندوں نے ایران میں بارہ جون کو ہونے والے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کئے تھے اور تہران سمیت ملک بھر میں کئی ہفتوں تک حکومت مخالف مظاہرے ہوتے رہے۔ ان مظاہروں کے خلاف حکومت نے بھرپور ریاستی قوت کا استعمال بھی کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ ان مظاہروں میں شرکت پر درجنوں اصلاحات پسندوں کو گرفتار بھی کیا گیا تھا، جن پر انقلابی عدالت میں مقدمات چلائے جارہے ہیں۔

رپورٹ : عبدالرؤف انجم

ادارت : عاطف توقیر