1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیئن فٹ بال چیمپیئن شپ: جنوبی کوریا اور آسٹریلیا فائنل میں

عابد حسین27 جنوری 2015

آسٹریلیا کی میزبانی میں کھیلی جانے والی فٹبال کی ایشیئن چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے مکمل ہو گئے ہیں۔ جنوبی کوریا نے عراق اور آسٹریلیا نے متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1ER4T
سانسبری کا ہیڈر گول کی طرف جاتے ہوئےتصویر: Getty Images/Peter Parks

آج منگل 27 جنوری کو دوسرا سیمی فائنل آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے دوسرے اہم شہر نیوکاسل میں کھیلا گیا۔ میچ کے شروع ہی میں آسٹریلوی ٹیم نے دو گول کر کے برتری حاصل کر لی تھی اور پھر بعد میں اس برتری کا کامیابی سے دفاع کرتی رہی۔ نیو کاسل اسٹیڈیم میں جتنی دیر میچ جاری رہا، بارش کا سلسلہ بھی چلتا رہا۔ اس طرح دونوں ٹیموں نے گیلے موسم میں جاندار میچ کھیلا۔ بارش کے باوجود اکیس ہزار سے زائد شائقین میدان میں موجود تھے اور زیادہ تر اپنی ملکی ٹیم کو اسپورٹ کر رہے تھے۔

سیمی فائنل میچ کے شروع ہونے کے تیسرے منٹ میں ٹرینٹ سانسبری نے ایک اُڑتے پاس کو ہیڈ کے ذریعے گول میں ڈال دیا۔ اِس سبقت کو گیارہ منٹ بعد جیسن ڈیوڈسن نے دوسرا گول کر کے مستحکم کر دیا۔ دونوں گول خلیجی ریاست کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطیوں اور کمزور دفاعی کوششوں کی وجہ سے ہوئے۔ کوارٹر فائنل میں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم جاپان کو شکست دینے والی عرب دنیا کی ٹیم نے مجموعی طور پر میچ کے دوران مخالف ٹیم کے خلاف کئی مواقع پیدا کیے۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے بھی جارحانہ حملے ضرور کیے لیکن گول کی کوئی صورت پیدا نہیں ہوئی۔ اِس کے علاوہ جارحانہ کھیل کے لیے مشہور عرب دنیا کے فٹ بالر عمر عبدالرحمان بھی آج اپنا روایتی کھیل نہیں پیش کر سکے۔

Asia Cup Fußball Korea Irak
عراق کے خلاف گول کرنے پر جنوبی کوریائی کھلاڑی کا اظہارِ مسرتتصویر: Getty Images/M. King

آسٹریلوی ٹیم نے مسلسل دوسری مرتبہ ایشیئن فٹ بال چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ چار برس قبل اُسے فائنل میں جاپانی ٹیم سے ہارنا پڑا تھا اور اب جاپانی ٹیم کی جگہ آسٹریلیا کا سامنا جنوبی کوریا سے ہے۔ جنوبی کوریا کی فٹ بال ٹیم بھی مشرقی ایشیائی اقوام میں ایک مضبوط اور طاقتور ٹیم تصور کی جاتی ہے۔ فائنل میچ 31 جنوری کو آسٹریلوی شہر سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ تیسری پوزیشن کا میچ عراق اور متحدہ عرب امارت کی ٹیموں کے درمیان 30 جنوری کو نیو کاسل میں کھیلا جائے گا۔

ایشیئن فٹ بال چیمپیئن شپ کے سلسلے کا پہلا سیمی فائنل میچ پیر 26 جنوری کوسڈنی میں اسٹیڈیم آسٹریلیا میں کھیلا گیا تھا۔ سیمی فائنل کو دیکھنے 36 ہزار سے زائد لوگ موجود تھے۔ جنوبی کوریا نے عراقی ٹیم کو پوری طرح اپنےکنٹرول میں رکھا۔ جنوبی کوریائی ٹیم کا دفاع اور اٹیک شاندار تھا۔ میچ کے پہلے ہاف میں جنوبی کوریا کی جانب سے لی جیونگ ہیوپ (LEE JEONGHYEOP) نے بیسویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کے لیے برتری حاصل کی تھی۔ جنوبی کوریا نے دوسرے ہاف کے شروع ہونے تک اِس برتری کو برقرار رکھتے ہوئے گیند اپنے کنٹرول میں رکھا۔ دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے پانچ منٹ بعد ہی دوسرا گول کر کے جنوبی کوریا نے اپنی سبقت کو مستکم کر دیا۔ دوسرا گول کِم ینگ گوون (KIM YOUNG GWON) نے کیا۔