1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا کپ: بنگلہ دیش نے بھارت کو ہرا دیا

17 مارچ 2012

بھارتی کرکٹر سچن تندولکر کی سویں سنچری کے باوجود بھارتی ٹیم ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے ایک میچ میں فتح حاصل نہ کر سکی۔

https://p.dw.com/p/14Lz1
تصویر: AP

سچن تندولکر نے جب اسی رنز اسکور کر لیے تو اس کے بعد کے وہ بیس رنز، جو ان کو سنچریوں کی سنچری کے لیے درکار تھے، انہوں نے پندرہ اوورز میں بنائے۔ سچن ایک سو چودہ کے انفرادی اسکور پر مشرف مرتضیٰ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

میچ جیتنے کے لیے بنگلہ دیش کو دو سو نوے رنز بنانا تھے۔ جب بھارتی ٹیم تندولکر کی سویں سنچری کا جشن منا ہی رہی تھی، بنگلہ دیشی کھلاڑیوں مشفق الرحیم اور شکیب نے بھارتی ٹیم کو شکست سے دوچار کر کے جشن کا مزہ کرکرا کر دیا۔ بنگلہ دیش نے یہ ہدف میچ ختم ہونے سے چار گیندیں قبل ہی عبور کر لیا۔

تمیم اقبال کے ستر، جوہر الاسلام کے ترپن اور ناصر حسین کے چون رنز نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو ایک اچھی بنیاد فراہم کی تھی۔ ان کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد شکیب نے اکتیس گیندوں پر انچاس اور مشفق نے پچیس گیندوں پر چھیالیس رنز بنائے اور بنگلہ یش کو یہ غیر معمولی فتح دلوائی۔

چوتھی وکٹ کی شراکت میں حسین اور شکیب نے اڑتالیس گیندیں کھیل کر اڑسٹھ رنز بنائے۔ حسین کے آؤٹ ہونے سے بھارتی ٹیم میچ جیتنے کی پوزیشن میں دکھائی دینے لگی تاہم کپتان مشفق نے بھارتی بولرز کو اڑا کر رکھ دیا۔ بنگلہ دیشی کپتان نے میچ کے اڑتالیسویں اوور میں عرفان پٹھان کو دو چھکے بھی لگائے۔

آخری دو اوورز میں بنگلہ دیش کو میچ جیتنے کے لیے سولہ رنز درکار تھے۔ مشفق الرحیم نے پروین کمار کے اوور کی پہلی دو گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر بنگلہ دیش کو فتح کے قریب کر دیا۔

جمعے کو کھیلا گیا یہ میچ گروپ راؤنڈ کا میچ تھا۔ ایشیا کپ کا فائنل ڈھاکا میں بائیس مارچ کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی