ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں پیٹرسن کی ڈبل سینچری
5 دسمبر 2010ایڈیلیڈ میں جاری ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام تک انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں چار کھلاڑیوں کے نقصان پر551 رنز بنا لئے ہیں۔ اس طرح ایشز سیریز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انگلینڈ نے دو مسلسل اننگز میں پانچ سو کا سکورعبور کرنے کا ایک نیا ریکارڈ بھی بنا لیا ہے۔ اس ٹیسٹ میچ سے قبل برسبن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم نے مجموعی طور پر پانچ سو سترہ رنز بنائے تھے۔
بارش سے متاثرہ تیسرے دن کی خاص بات کیون پیٹرسن کی شانداراننگز تھی۔ جب چائے کے وقفے پر کھیل بارش کی وجہ سے روکنا پڑا تو پیٹرسن نے ایک چھکے اور انتیس چوکوں کی مدد سے 213 رنز بنا رکھے تھے۔ گزشتہ اٹھارہ ماہ سے سینچری نہ بنا سکنے والے پیٹرسن نے آخر کار عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری بنائی۔ بارش کے باعث تیسرے دن کا کھیل چائے کے وقفے کے بعد نہ ہو سکا۔
تیسرے دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو سلامی بلے باز کوک اپنے گزشتہ دن کے سکور136 رنز میں صرف بارہ کا اضافہ کر کے 148 کے انفرادی سکور پر جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ دوسری طرف پیٹرسن نے دوسرے دن کے اپنے انفرادی سکور 85 رنز کو ڈبل سینچری میں بھی بدلا اور ناٹ آؤٹ ہی رہے۔
انگلش بلے باز کولنگ ووڈ بیالس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پیٹرسن کے ساتھ اس وقت این بیل 41 کے انفزادی سکورپر کھیل رہے ہیں۔ یہ دن آسٹریلوی بولروں کے لئے کافی مایوس کن رہا۔ پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ’ہیٹ ٹرک‘ کرنے والے ہیٹر سِڈل ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اب تک کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ آسٹریلیا کی طرف سے کامیاب ترین بولر رائن ہیرس ہیں، جنہوں 29 اوورز کی انتھک محنت کے بعد دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بولینجر اور شین واٹسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
ابھی دوسرے ٹیسٹ میچ کے دو دن باقی ہیں اور انگلش ٹیم کھیل کا کنٹرول حاصل کئے ہوئے ہے۔ اگر مزید بارش نہیں ہوتی تو آسٹریلوی ٹیم کے لئے یہ میچ بچانا بظاہر مشکل معلوم ہو رہا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 245 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی جبکہ اب اسے اپنی دوسری اننگز شروع کرتے ہوئے پہلے ایک پہاڑ جیسی سبقت کو ختم کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو ایک نیا ہدف دینا ہو گا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف