ایک صدی بعد بھی ال کاپون سب سے مشہور گینگسٹر کیوں؟
18 جنوری 2024سترہ جنوری کو ال کاپون کی 125 ویں سالگرہ کے ساتھ اس بدنام زمانہ امریکی گینگسٹر کی وراثت ایک ایسا موضوع بنی ہوئی ہے، جو آج تک ہالی ووڈ کے پروڈیوسروں اور ناول نگاروں دونوں کے لیے دلچسپ ہے۔
کاپون نے ''روئرنگ ٹوئنٹیز‘‘ میں اطالوی۔امریکی منظم جرائم کے گروہ شکاگو آؤٹ فِٹ کے شریک بانی اور باس کے طور پر شہرت حاصل کی۔ کچھ لوگوں نے اسے رابن ہڈ کے طور پر بھی بیان کیا اور اس کی وجہ اس کی طرف سے اپنی غیر قانونی کمائی میں سے خیراتی اداروں کے لیےکچھ رقم عطیہ کرنا تھی۔
چند دیگر ایسی باتیں بھی تھیں، جو کاپون کو اس دور کے دوسرے بدمعاشوں سے منفرد بناتی تھیں۔ وہ ہر لمحہ لوگوں کی نظروں میں رہنے، نامہ نگاروں کے ساتھ گپ شپ کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے بڑی بڑی پارٹیوں کا انتظام بھی کرتا تھا۔
لیکن ماضی کی بہت سی مجرمانہ شخصیات کی طرح اس گینگسٹر کے بارے میں بھی منقسم آرا پائی جاتی ہیں۔ ایف بی آئی کی ویب سائٹ کے مطابق، کچھ لوگوں کے لیے ایک آئیڈیل کی حثیت رکھنے والا کاپون امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی کی ویب سائٹ کے مطابق شکاگو میں ''جوے، جسم فروشی، شراب کے غیر قانونی کاروبار، رشوت خوری، منشیات کی اسمگلنگ، ڈکیتی اور قتل‘‘ پر مبنی ''جرائم کی سلطنت‘‘ کے لیے ذمہ دار تھا۔
ال کاپون کون تھا؟
کاپون 1899ء میں نیو یارک کے علاقے بروکلین میں پیدا ہوا۔ اطالوی تارکین وطن کے ہاں پیدا ہونے والا الفانسو گیبریل کاپون کم عمری میں ہی منظم جرائم کے ساتھ جڑ گیا تھا۔ نوعمری کے دور میں وہ ''فائیو پوائنٹس گینگ‘‘ کا رکن بن گیا۔ یہ بنیادی طور پر آئرش-امریکی نژاد افراد پر مشتمل ایک مجرمانہ گینگ تھا، جو لوئر مین ہٹن کےعلاقے میں قائم تھا۔ یہ گروپ یہاں بھتہ وصولی کرتا تھا۔
تاہم کاپون نے جلد ہی یہ جان لیا تھا کہ صرف تشدد ہی کسی مجرمانہ ادارے کی دیرپا کامیابی کو یقینی نہیں بنائے گا۔
کاپون نے 1917ء میں پہلی بار ایک حریف کو گولی ماری۔ اس کے بعد وہ نیویارک سے شکاگو چلا گیا۔
1925 سے 1929 تک اپنے شکاگو کے عروج کے دنوں میں کاپون کو امریکہ میں سب سے زیادہ بدنام زمانہ گینگسٹر کے طور پر جانا جاتا تھا۔ تاہم کاپون نے اپنے آپ کو ایک مجرم کے طور پر نہیں بلکہ ایک کاروباری شخص کے طور پر دیکھا۔
سینٹ ویلنٹائن ڈے کا قتل عام
1929 کے سینٹ ویلنٹائن ڈے کے قتل عام کو ایف بی آئی نے "شکاگو میں گینگ دور کے انتہا ئی پرتشدد واقع کے طور پر بیان کیا ہے کیونکہ اس دن 'بگس‘ موران گینگ کے سات اراکین کو پولیس کے روپ میں حریفوں نے ایک گیراج میں ہدف بنا کر مشین گنوں کے ذریعے قتل کر دیا تھا۔
اگرچہ ال کاپون اس وقت فلوریڈا میں اپنے گھر پر تھا، لیکن بڑے پیمانے پر یہ سمجھا جاتا تھا کہ اس قتل عام کا حکم اسی نے دیا تھا۔ اسے کبھی بھی قتل کا مجرم نہیں ٹھہرایا گیا لیکن آخر کار اسے محض ٹیکس چوری کے جرم میں جیل جانا پڑا اور یوں 33 سال کی عمر میں ایک کرائم باس کے طور پر اس کا عہد ختم ہو گیا۔
1939 میں رہائی سے قبل کاپون نے سان فرانسسکو کے ساحل پر واقع بدنام زمانہ الکاترازکے وفاقی اصلاحی مرکز میں اپنا زیادہ تر وقت گزارا، اس وقت تک اس کی ذہنی صلاحیتیں نمایاں طور پر بگڑ چکی تھیں۔ال کاپون کا انتقال 1947 میں 48 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔
اس بدنام زمانہ گینگسٹر نے اپنی زندگی اور جرائم سے متاثر متعدد مافیا فلموں کے ذریعے نہ صرف 1920 کی شکاگو کی سڑکوں پر بلکہ 20 ویں صدی کے ہالی ووڈ پر بھی اپنا نشان چھوڑا۔ اس کے لہجے اور طرز عمل نے مزاحیہ، فلموں، مقبول موسیقی اور ادب میں گینگسٹر کے متعدد کرداروں کو بھی متاثر کیا۔
جون سلک (ش ر ⁄ ر ب)