1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائرن میونخ ’مسلسل ایک برس‘ سے ناقابلِ شکست

ندیم گِل20 اکتوبر 2013

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے ایک میچ میں سر فہرست ٹیم بائرن میونخ نے ایک کے مقابلے میں چار گول سے مائنز کو شکست دیتے ہوئے اپنی پوزیشن مزید مستحکم بنا لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1A2jL
تصویر: picture-alliance/dpa

اس جیت کے ساتھ بائرن میونخ بنڈس لیگا کے مسلسل 34ویں میچ میں ناقابلِ شکست رہی ہے۔ اس چیمپئن شپ میں اسے اکتوبر 2012ء کے بعد سے کبھی ہار کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ تیس برس قبل ہیمبرگ کی ٹیم مسلسل 36 مقابلوں میں ناقابلِ شکست رہی تھی۔ یوں بائرن میونخ ہیمبرگ کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے محض دو میچز کی دُوری پر ہے۔

بنڈس لیگا کے نویں میچ ڈے میں ہفتے کو مائنز کے ساتھ میچ میں بائرن کو پہلے ہاف میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس کی وجہ ناقص کارکردگی تھی۔ اس وقت جیروم بوئٹینگ کی ایک غلطی بائرن کو مہنگی پڑی جس کے باعث مائنز نے ایک گول کر دیا۔

تاہم دوسرے ہاف میں بائرن نے پانسہ پلٹ کر رکھ دیا۔ کھیل کے اس حصے میں اس کے مِڈ فیلڈر ماریو گوئٹسے ٹیم میں شامل ہوئے اور انہوں اپنی ٹیم کی جانب سے تین گول کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

بعد ازاں بائرن کے کپتان فلپ لاہم نے تسلیم کیا: ’’پہلے ہاف میں ہمیں واقعی، حقیقتاﹰ بہت جدوجہد کرنا پڑی، ہم توجہ کھوتے جا رہے تھے۔‘‘

Fußball Bundesliga Hertha BSC Berlin gegen Borussia Mönchengladbach
مؤنشن گلاڈ باخ اس ہفتے کی شکست کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر نیچے چلی گئی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

انہوں نے مزید کہا: ’’بین الاقوامی میچز کے لیے وقفوں کے بعد ایسا اکثر ہوتا ہے، اور ہمیں اس پر جتنی جلدی ممکن ہو سکے قابو پانے کی ضرورت ہے۔ تھوڑی دیر بعد ہم نے کچھ تبدیلیاں کیں اور اس کا فائدہ ہوا، لیکن مائنز کی ٹیم اس بات کے لیے تعریف کی مستحق ہے کہ اس نے ہمارے لیے زندگی مشکل بنائی۔‘‘

ہفتے کو مجموعی طور پر چھ مقابلے ہوئے۔ دیگر میچز میں ڈورٹمنڈ نے ہینوور کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ شالکے نے براؤن شوائیگ کو دو تین سے مات دی۔ ہیرتھا برلن نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک صفر سے پچھاڑا۔ بریمن اور فرائی برگ کا مقابلہ صفر صفر اور آئنتراخت فرینکفرٹ اور نیورمبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

جمعے کو نویں میچ ڈے کے پہلے مقابلے میں لیورکوزن نے ہوفن ہائیم کو ایک دو سے شکست دی تھی۔

آج اتوار کو آخری دو مقابلوں میں ہیمبرگ کا سامنا اشٹٹ گارٹ سے اور آؤگس برگ کا سامنا وولفس برگ سے ہوگا۔

بنڈس لیگا کی سر فہرست تین پوزیشنوں پر بدستور بائرن میونخ، ڈورٹمنڈ اور لیور کوزن ہیں۔ ان کو بالترتیب 23، 22 اور 22 پوائنٹس حاصل ہیں۔ ہیرتھا برلن اور شالکے اس ہفتے بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔ رواں ہفتے شکست کے باعث مؤنشن گلاڈ باخ اب چھٹے اور ہینوور کی ٹیم ساتویں نمبر پر ہے۔