1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بالی وڈ فلموں کو ہمیشہ گانوں اور ڈانس کی ہی ضرورت نہیں‘

امتیاز احمد14 اپریل 2016

بالی وڈ کے سُپر سٹار شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ بھارت کی فلم انڈسڑی تبدیل ہو رہی ہے اور کسی بھی فلم کی کامیابی کے لیے یہ لازمی نہیں کہ اس میں ڈانس اور گانے بھی شامل کیے جائیں۔

https://p.dw.com/p/1IW5w
Berlin Shahrukh Khan Schauspieler
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Pedersen

شاہ رخ خان اپنی نئی فلم ’’فین‘‘ کی پروموشن کے لیے ایک مختصر دورے پر برطانیہ آئے ہوئے ہیں، جہاں انہوں نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اس نئی فلم میں ایک مرکزی گانا ہے اور وہ بھی خاص طور پر صرف ٹریلرز کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا، ’’آج کے نئے فلم میکر اور ہر کوئی جانتا ہے کہ اب کسی گانے کو فلم میں دھکے سے شامل کرنے کی ضرورت نہیں رہی۔‘‘ شاہ رخ کا مزید کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں سمجھتے کہ انہوں نے کہہ دیا اور فلموں میں گانے شامل کرنا بند کر دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طویل عرصہ لگے گا اور اس کے بعد کہیں جا کر ہندی فلموں میں شامل کیے جانے والے گانوں اور ڈانس میں کچھ کمی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر فلم کی ضروریات علیحدہ ہوتی ہیں اور ان ضروریات کا خیال رکھا جانا ضروری ہے۔

Indien Shahrukh Khan Schauspieler
تصویر: picture alliance/Mary Evans Picture Library

روایتی طور پر بالی وڈ فلموں میں گانے لازمی طور پر شامل کیے جاتے ہیں اور ایسا بھی شاذو نادر ہی ہوا ہے کہ کسی فلم پروڈیوسر نے یہ کہا ہو کہ فلم میں گانے اور ڈانس شامل نہیں کیے جائیں گے۔ بلکہ بھارت میں ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ فلموں کی کامیابی کا انحصار پلاٹ کی بجائے فلمائے گئے گانوں پر ہوتا ہے۔

شاہ رُخ خان کی نئی فلم جمعہ 15 اپریل کو ریلیز کی جا رہی ہے اور اس میں وہ دوہرا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک کردار مشہور فلمی ستارے کا ہے اور دوسرا اس کے ہم شکل ایک فین کا۔

جب شاہ رخ خان سے یہ پوچھا گیا کہ کبھی وہ اپنے کسی ہم شکل سے ملے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے کئی فین ایسے ہیں، جو ان کی طرح کا ہی لباس پہنتے ہیں اور ان کی طرح ہی گفتگو کرتے ہیں۔ شاہ رخ خان گزشتہ دو دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں اور نئے تجربات کے حوالے سے انہیں بھارتی فلم انڈسٹری کا سرخیل سمجھا جاتا ہے۔

شاہ رخ خان سوشل میڈیا پر بھی سرگرم رہتے ہیں اور ان کے تقریباﹰ 90 ملین فین ہیں۔