1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بانوے برس کی عمر میں چھبیس میل کی میراتھن، عالمی ریکارڈ

مقبول ملک1 جون 2015

بانوے سالہ امریکی ایتھلیٹ ہیریئٹ ٹامپسن دنیا کی وہ پہلی بزرگ ترین خاتون بن گئی ہیں، جنہوں نے سان ڈیئگو میں چھبیس میل کی میراتھن میں کامیاب شرکت کی۔ انہوں نے یہ فاصلہ سات گھنٹے چوبیس منٹ اور چھتیس سیکنڈ میں طے کیا۔

https://p.dw.com/p/1FZud
ہیریئٹ ٹامپسنتصویر: Getty Images/J. Harris

نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ طویل دوڑ کل اتوار 31 مئی کے روز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوب میں سان ڈیئگو کے شہر میں منعقد کی گئی اور اس میں اپنی کامیاب شرکت کے ساتھ ہیریئٹ ٹامپسن عالمی سطح پر کسی بھی میراتھن میں پورا فاصلہ طے کرنے والی دنیا کی بزرگ ترین خاتون بن گئی ہیں۔ چھبیس میل فاصلے کی اس دوڑ میں شرکت کے وقت ہیریئٹ ٹامپسن کی عمر 92 برس اور 65 دن تھی۔ میراتھن کے راستے میں ان کی حوصلہ افزائی کے لیے بے شمار شائقین اور ان کے حامی موجود تھے۔

یہ میراتھن مکمل کرنے کے فوری بعد ہیریئٹ ٹامپسن نے اپنے آبائی شہر سے چھپنے والے اخبار ’شارلٹ آبزرور‘ کو بتایا کہ 26 میل کا فاصلہ طے کرنے کے بعد انہیں اپنی ٹانگوں میں ’کچھ کھچاؤ‘ محسوس ہو رہا ہے۔

انہوں نے اس امریکی جریدے کو بتایا، ’’ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ میں واقعی بہت زیادہ تھک گئی تھی۔ جب میں 26 میں سے 21 میل کا فاصلہ طے کر چکی تھی تو مجھے دوڑتے ہوئے اونچائی کی طرف جانا تھا۔ تب مجھے ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے میں کسی پہاڑ پر چڑھنے کی کوشش کر رہی ہوں۔‘‘

اے ایف پی کے مطابق ہیریئٹ ٹامپسن نے کہا، ’’تب میں یہ بھی سوچ رہی تھی کہ اس عمر میں ایسا کرنا تو بالکل پاگل پن ہے۔ لیکن پھر اونچائی کے بعد جب اپنی منزل کی طرف بڑھتے ہوئے میں نے اترائی کی طرف دوڑنا شروع کیا، تو میں کچھ بہتر محسوس کرنے لگی تھی۔ میرا بیٹا برَینی بھی میرے ساتھ تھا، جو مجھے راستے بھر توانائی کے لیے کاربوہائیڈریٹس دیتا رہا۔‘‘

ہیریئٹ ٹامپسن سے پہلے کسی بزرگ خاتون کی طرف سے کسی میراتھن میں کامیاب شرکت کا ریکارڈ 2010ء میں ایک اور امریکی خاتون گلیڈیز ’گلیڈی ایٹر‘ بَرِل نے قائم کیا تھا۔ انہوں نے امریکا ہی میں ہونولُولُو میراتھن میں کامیاب شرکت کی تھی اور تب ان کی عمر 92 برس اور 19 دن تھی۔

ہیریئٹ ٹامپسن، جو 10 بچوں کی نانی اور دادی ہیں، ماضی میں سرطان کی مریضہ رہ چکی ہیں اور انہوں نے سان ڈیئگو میراتھن میں حصہ کینسر کے بارے میں تحقیق کے لیے رقوم جمع کرنے کی خاطر لیا۔ انہوں نے گزشتہ برس بھی اسی میراتھن میں کامیابی سے حصہ لیا تھا لیکن تب ان کی عمر 91 برس تھی۔ 2014ء میں انہوں نے یہ دوڑ سات گھنٹے، سات منٹ اور 42 سیکنڈ میں مکمل کی تھی۔

آج تک کسی بھی میراتھن میں حصہ لینے والے سب سے زیادہ عمر کے مرد ایتھلیٹ فوجا سنگھ تھے، جنہوں نے 2013ء میں 101 برس کی عمر میں ایک میراتھن میں حصہ لیا تھا، لیکن انہیں یہ دوڑ نامکمل ہی ختم کرنا پڑ گئی تھی۔