1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبرازیل

برازیل: ایمیزون میں گمشدہ صحافی کی اشیاء پولیس کے ہاتھ لگیں

13 جون 2022

برازیل کی امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ انہیں تلاش کے دوران برطانوی صحافی ڈوم فلپس اور مقامی قبائلی ماہر برونو پریرا کا ایک بیگ اور کپڑے ملے ہیں۔ تاہم ٹیم کے مطابق ان دونوں گمشدہ افراد کی تلاش کا مشن اب بھی جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/4CbbD
Brazil Amazonasgebiet
تصویر: Edmar Barros/AP Photo/picture alliance

برازیل کی پولیس نے 12 مئی اتوار کے روز بتایا کہ انہیں ایک برطانوی صحافی ڈوم فلپس اور مقامی قبائلی ماہر برونو پریرا کی کچھ اہم اشیاء ملی ہیں، جو ایک ہفتہ قبل ایمیزون کے جنگلات میں لا پتہ ہو گئے تھے۔

امدادی ٹیمیں اور درجنوں مقامی رضاکار ان کی تلاش میں ہیں، جنہیں یہ سامان وادی جاوری سے ملا ہے۔ یہیں سے دونوں افراد گزشتہ ہفتے لاپتہ ہو گئے تھے۔ حکام کے مطابق انہیں جو کپڑے ملے ہیں، وہ صحافی ڈوم فلپس اور قبائلی امور کے مقامی ماہر برونو پریرا کے ہی ہیں۔

برازیل کی وفاقی پولیس نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کہا، ''ایک ہیلتھ کارڈ، ایک سیاہ پتلون، ایک کالی سینڈل اور برونو پریرا کا ایک جوڑی جوتا'' اتوار کے روز ہی ملا ہے۔

پولیس نے یہ بتایا کہ ''برطانوی صحافی ڈوم فلپس کا بھی ایک جوڑی جوتا اور ان ایک بیگ ملا ہے، جس میں ان کا کچھ ذاتی سامان اور کپڑے ہیں۔'' پولیس کے مطابق بیگ میں ان کا لیپ ٹاپ بھی تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے اب تک دونوں کی تلاشی کے دوران تقریباً 25 مربع کلومیٹر کا احاطہ کیا ہے، جس کے تحت، ''جنگل، علاقے کی سڑکوں اور سیلاب زدہ درختوں اور پودوں میں انہیں مکمل طور پر تلاش کیا جا چکا ہے۔''

Brasilien Brasilia Poster Dom Philips
تصویر: Eraldo Peres/AP Photo/picture alliance

ہمیں اس بارے میں اور کیا معلوم ہے؟

برازیل کے دو مقامی انسانی حقوق کے گروپوں نے گزشتہ ہفتے ان دونوں افراد کی گمشدگی کے بارے میں حکام کو خبردار کیا تھا، اس کے بعد سے ہی، مختلف مقامی کمیونٹیز کے درجنوں رضاکاروں نے فلپس اور پریرا کی تلاش کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی تھیں۔ 

مقامی قبائلی کمیونٹی ماتی  کے ایک رکن نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ انہیں ہفتے کے روز ایک ترپال دریافت ہوا تھا، جو اسی کشتی پر استعمال کیا گیا جس میں دونوں افراد نے آخری بار سفر کیا تھا۔

برطانوی صحافی اور مقامی ماہر نے گزشتہ ہفتے کشتی میں سوار ہو کر دریائے اٹاکائی کے راستے سے، اٹالیا ڈو نورٹے قصبے کی طرف سفر شروع کیا تھا، تاہم اس قصبے تک نہیں پہنچ سکے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ راستے میں ان کے ساتھ کیا مشکلات پیش آئیں اور ان کا کیا ہوا۔

وادی جاوری کا خطہ پیرو کی سرحد کے قریب ہے اور اس علاقے میں دنیا کے وہ بیشتر مقامی قبائل آباد ہیں جن کا باقی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں رہتا ہے۔ یہ علاقہ ماہی گیروں اور بعض دوسروں کے درمیان پر تشدد تنازعات کا بھی شکار رہا ہے۔

گمشدگی کی خبر کے بعد ہی ریسکیو ٹیموں نے تلاش شروع کی اور اس دوران دریا کے کنارے والے علاقے میں خاص طور پر توجہ مرکوز کی گئی۔ امدادی ٹیم کے ایک رکن نے اٹالیا ڈو نورٹ میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ ڈوم فلپس کا بیگ ایک درخت سے بندھا ہوا پا یا گیا۔

ستاون سالہ فلپس اور 41 سالہ پریرا کو آخری بار 5 جون کو دیکھا گیا تھا۔ گرچہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کیا ہے۔ گرفتار شدہ شخص علاقے کا ایک ماہی گیر ہے اور اطلاعات کے مطابق پولیس کو اس کی کشتی پر انہیں خون کے نشانات ملے ہیں، تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی تفصیلات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

ص ز/ ج ا (اے پی، اے ایف پی، ای ایف ای)

ایمیزون جائے بغیر اب کی جاسکتی ہے وہاں کی سیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید