برسلز پولیس کو چاقو سے حملہ کرنے والے کی شناخت ’یاسین‘ ہے
11 نومبر 2022یورپی ملک بیلجیم میں چاقو سے حملے کی اس تازہ ترین واردات کے بارے میں بیلجیم حکام نے جمعے کی صبح بتایا کہ حملہ آور تنہا تھا۔ دفتر استغاثہ کی خاتون ترجمان سارہ ڈیورنٹ کے بقول اس حملے سے پہلے ملزم نے پولیس افسروں کے ساتھ بات چیت کی تھی اور رضا کارانہ طور پر نفسیاتی مدد مانگی تھی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور زخمی ہو گیا تھا۔ اس واقعے کے فوراً بعد اس کی تحقیقات مبینہ دہشت گردی کے تناظر میں کی جانے لگی۔
ناروے: شامی شخص کا بیوی اور ایک دوسرے آدمی پر چاقو سے حملے
حملہ آور کون تھا؟
بیلجیم کے وفاقی میجسٹریٹ ایرک فان ڈیر سؤپٹ کے مطابق جمعرات کو بیلجیم پولیس پر حملہ کرنے والا بیلجیم کی 'کورڈینیشن یونٹ فار تھرٹ انالیسس‘ OCAD کی مشتبہ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔ انہوں نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ ملزم نے پولیس افسران پر حملے کے دوران اللہ اکبر کا نعرہ بھی لگایا۔‘‘ یہ واقعہ برسلز کے انتہائی مصروف نارتھ ٹرین اسٹیٹشن کے قریب جمعرات کی شام 'رش آوورز‘ کے کچھ ہی دیر بعد پیش آیا۔ مشتبہ حملہ آور جرائم کا مرتکب ہونے کے سبب چھ سال قید کاٹ چُکا ہے۔ دریں اثناء مشتبہ شخص کی شناخت یاسین ایم کے نام سے ہوئی ہے، جو 1990ء میں برسلز میں پیدا ہوا تھا۔
جرمن ٹرین میں چاقو زنی، تین افراد زخمی، مشتبہ حملہ آور گرفتار
حملہ آور کا رویہ
برسلز کے پراسیکیوٹر کی خاتون ترجمان سارہ ڈیورنٹ نے کہا کہ ملزم نے پولیس افسران کے روٹین کے کام کے اوقات کار کے دوران ان سے بات چیت کی تھی۔ سارہ کے بقول اس نے اپنی گفتگو کے دوران ''غیر متزلزل ریمارکس‘‘ دیے۔
پولیس افسران پر چاقو کے وار کے بعد، مشتبہ شخص کو ایک اور پولیس اہلکار نے وقوعہ پر پہنچتے ہی فوری طور پر گولی ماری تھی جس سے وہ زخمی ہوا۔ حکام نے کہا وہ جمعہ کو بھی ہسپتال میں داخل تھا اور اس سے پوچھ گچھ نہیں ہو سکی۔
اٹلی: چاقو مار کر متعدد افراد کو زخمی کردینے والا صومالی گرفتار
حکام کا رد عمل
بیلجیم کے وزیر اعظم الیکسزانڈر ڈے کرو نے ہلاک ہونے والے افسر کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ اظہار تعزیت کے لیے ایک پیغام پوسٹ کیا۔ اُس میں انہوں نے تحریر کیا،''ہمارے پولیس افسران ہر روز اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہمارے شہریوں کی حفاظت ہو۔ یہ سانحہ اس کا ثبوت ہے۔‘‘
بیلجیم کی خاتون وزیر داخلہ اینلیس فرلنڈن نے کہا کہ وہ برسلز کے میئر پولیس چیف اور سیکیورٹی سروسز کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ آپس میں مربوط منصوبے کے ساتھ حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ک م / ع ا (اے پی ای)