1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلینالے میں تقریباً پانچ سو فلموں کی نمائش

عدنان اسحاق5 فروری 2015

جرمن دارالحکومت برلن میں بین الاقوامی فلمی میلے برلینالے کی اب تک تیس ہزار سے زائد ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔ اس طرح یہ دنیا کا سب سے بڑا عوامی فلمی میلہ بھی ہے۔ یہ میلہ پانچ سے پندرہ فروری تک جاری رہے گا۔

https://p.dw.com/p/1EVv4
تصویر: rbb

برلینالے فلم فیسٹیول میں اس مرتبہ دنیا بھر سے سات ہزار سے زائد فلمیں بھیجیں گئی تھیں ور یہ تعداد پچھلے سال کے مقابلے میں پانچ سو زیادہ ہے۔ برلینالے کے پروگرام کے مطابق اسے چودہ مختلف شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں 72 ممالک سے لائی گئی441 تخلیقات کا انتخاب کیا گیا۔ اس طرح پچھلے سال کے مقابلے میں اس میں بھی 32 کا اضافہ ہوا ہے۔ ان میں 23 فلمیں مقابلے میں شامل ہیں اور 19 گولڈن اور سلور بیئر کے حصول کی دوڑ میں حصہ لے رہی ہیں۔ مقابلے میں پہلی مرتبہ لاطینی امریکی ملک گوئٹے مالا کی بھی ایک فلم شامل ہے۔

برلینالے کے امسالہ پروگرام میں عالمی سیاست کے تقریباً تمام موضوعات پر تیار کی گئی فلمیں موجود ہیں جیسے کہ تحفظ ماحول، پناہ گزینوں کے مسائل، تشدد، نسلی امتیاز، قدرتی آفات اور اقتصادی بحران وغیرہ۔ اس کے علاو مذہب کے موضوع پر بنی دو فلمیں بھی مقابلے کی دوڑ میں موجود ہیں۔ ان میں سے ایک چلی کی فلم ’ایل کلب‘ ہے، جس کی کہانی ایک مسیحی پادری کی زندگی کے تاریک باب کے گرد گھومتی ہے جبکہ ’آفیرم‘ نامی فلم انیسویں صدی کے وسط میں رومانیہ میں روما اور یہودیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بیان کرتی ہے۔

Berlinale 2015 - Plakate am Potsdamer Platz
تصویر: A. Berry/Getty Images

برلینالے میں 96 جرمن فلمیں بھی پیش کی جا رہی ہیں، جن میں سے پانچ مقابلے کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ جرمن فلمساز وِم وینڈرز کو ان کی اب تک کی خدمات کے عوض ایک اعزازی بیئر بھی دیا جائے گا۔ اس میلے میں خواتین ہدایتکاروں کی 155 فلمیں بھی شامل ہیں۔ ان میں سے ایک ہسپانوی فلم ساز ازابیل کری اوکزٹ بھی ہیں، جن کی فلم ’’نو باڈی وانٹس دی نائٹ‘‘ سے بدھ پانچ فروری کی شام 65 ویں برلینالے کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ اس فلم فیئر کی تاریخ میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ کسی خاتون فلمساز کی فلم کو اس میلے کا افتتاح کرنے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔

برلینالے میں کم عمر ترین فلمساز کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔ 22 سالہ فریگاس بھانوتیجا اپنی مختصر فلم ’’لیمبوسورا‘‘ کے ساتھ برلن میں ہیں۔ اسی طرح 87 سالہ جرمن فلمساز مارسیل اوپ ہولز سب سے بڑی عمر کے ڈائریکٹر ہیں، جن کی فلم ’’دی میموری آف جسٹس‘‘ برلینالے میں دکھائی جا رہی ہے۔

برلینالے میں تمام طبقوں کی دلچسپی کو پیشِ نظر رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس وجہ سے اس میلے میں فلمیں اپنی اصلی زبان اور سب ٹائٹلز کے ساتھ جبکہ کچھ فلمیں اشاراتی زبان کے ساتھ بھی پیش کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ نابینا افراد کے لیے صوتی تفصیلات کے ساتھ بھی فلموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پہلی مرتبہ برلینالے میں ’اسپیشل سیریز‘ نامی ایک پروگرام بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں جرمن اور بین الاقوامی ڈرامہ سیریئلز کے ابتدائی پریمیئر دکھائے جائیں گے۔