1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلال آصف کا ایکشن بھی مشکوک

عاطف بلوچ6 اکتوبر 2015

پاکستانی آف اسپن بولر بلال آصف مشکوک ایکشن کی وجہ سے اپنے دوسرے میچ میں ہی نظروں میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھتے ہی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر لی تھی۔

https://p.dw.com/p/1GjLX
Simbabwe Cricketspieler Bilal Asif
بلال آصف کو چودہ دنوں کے اندر اندر اپنے بولنگ ایکشن کو ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔تصویر: J. Njikizana/AFP/Getty Images

زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلال آصف کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے پیر کے دن کھیلے گئے اس میچ میں پچیس رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تیس سالہ آصف نے بطور اوپنر بلے بازی میں بھی اپنے جوہر دکھائے تھے۔ اس میچ میں انہوں نے انتہائی محتاط انداز میں اڑتیس رنز کی اہم اننگز کھیلی تھی۔ ناقدین نے ان کی اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ وہ پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک اچھے آل راؤنڈر ثابت ہو سکتے ہیں۔

تاہم میچ آفیشلز نے ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراضات کرتے ہوئے کہا کہ غالباﹰ ان کا بولنگ ایکشن کرکٹ کے بین الاقوامی معیارات کے مطابق نہیں ہے۔ اب بلال آصف کو اپنا بولنگ ایکشن ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔ کرکٹ کے منتظم عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ پیر کے میچ کے بعد آفیشلز نے بلال آصف کے بولنگ ایکشن کو رپورٹ کیا ہے۔

آئی سی سی کی طرف سے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق، ’’انہیں (بلال آصف کو ) چودہ دنوں کے اندر اندر اپنے بولنگ ایکشن کو ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔ جب تک اس ٹیسٹ کے منفی نتائج سامنے نہیں آتے، وہ بین الاقوامی میچوں میں بولنگ کر سکیں گے۔‘‘

Mohammad Hafeez
غیر قانونی بولنگ ایکشن ثابت ہو جانے پر محمد حفیظ ایک سال تک بین الاقوامی میچوں میں بولنگ نہیں کر سکتےتصویر: AFP/Getty Images/A. Qureshi

اس پیشرفت کو پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ آصف کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں ایک اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر پابندی کے باعث خیال کیا جا رہا تھا کہ آصف ایک کارآمد آل راؤنڈر ثابت ہو سکتے ہیں۔ بلال آصف گیارہ فرسٹ کلاس میچوں کے علاوہ لسٹ اے میں بیس ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں شرکت کر چکے ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ غیر قانونی بولنگ ایکشن ثابت ہو جانے پر محمد حفیظ ایک سال تک بین الاقوامی میچوں میں بولنگ نہیں کر سکتے جبکہ سعید اجمل اگرچہ اپنا بولنگ ایکشن تبدیل کر کے پاکستان کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہیں لیکن پاکستانی سلیکٹرز کے مطابق ان کی فارم اتنی اچھی نہیں کہ انہیں قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا جائے۔