بلوچستان کے شپ بریکنگ یارڈ میں حادثہ، 10 مزدور ہلاک
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے کراچی سے متصل علاقے لسبیلہ میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں دھماکوں کے نتیجے میں دس افراد ہلاک اور 45 زخمی ہو گئے ہیں۔
درجنوں مزدور پھنسے رہے
نیوز ایجنسی اے پی کو پولیس افسر محمد عبداللہ نے بتایا،’’ جب مزدور ایک پرانے بحری جہاز کی توڑ پھوڑ کر رہے تھے اس وقت آئل ٹینک پھٹ گیا تھا۔‘‘ ابتدائی رپورٹس کے مطابق آئل ٹینک میں دھماکہ ہونے کے بعد درجنوں مزدور پھنسے رہے جبکہ کئی مزدوروں نے اپنی زندگیاں بچانے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگا دی۔
قیمتی جانوں کا ضیاع
محمد عبداللہ نے اے پی کو مزید بتایا،’’ اس سانحے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمی افراد کو کراچی بھجوا دیا گیا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے بھی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ریسکیو کا کام جاری ہے
پاکستانی انگریزی اخبار ڈان کے مطابق اب تک 30 مزدوروں کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں ہیں جبکہ کچھ مزدور جہاز پراب بھی پھنسے ہوئے ہیں جن کو ریسکیو کرنے کا کام جاری ہے۔
گڈانی
گڈانی بلوچستان کا ساحلی علاقہ ہے جو کراچی کے قریب واقع ہے۔ یہ پاکستان کا واحد شپ بریکنگ یارڈ ہے اور یہاں پہلے بھی اس طرح کے حادثات پیش آتے رہے ہیں۔