1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، اشٹٹ گارٹ نے فرینکفرٹ کو شکست دے دی

18 مارچ 2013

جرمنی کی قومی فٹبال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے 26ویں میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں اشٹٹ گارٹ نے فرینکفرٹ کو شکست سے دوچار کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/17zI0
تصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل میں انتہائی نیچے جا پہنچنے والی اشٹٹ گارٹ کی ٹیم اس فتح کے بعد ٹورنامنٹ سے اخراج اور دوسرے درجے میں چلے جانےکے خطرے سے خاصی دور جا پہنچی ہے۔ اتوار کے روز کھیلے گئے اس میچ میں اشٹٹ گارٹ نے فرینکفرٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ بنڈس لیگا کے ٹیبل پر اب اشٹٹ گارٹ کی پوزیشن بارہویں ہو گئی ہے۔

Borussia Mönchengladbach - Hannover 96 am 17.03.2013
بنڈس لیگا کے چھبیس میچ ڈے مکمل ہو گئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

دونوں ٹیموں کے مابین پہلے ہاف میں مقابلہ دوسرے ہاف کے مقابلہ میں خاصا سست تھا۔ تاہم دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر مسلسل حملے کیے جب کہ اس ہاف میں متعدد فاؤل بھی دیکھنے میں آئے۔

ابتدا میں فرینکفرٹ کی جانب سے آئیگنر نے کھیل کے 17ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، تاہم دوسرے ہاف کے آغاز کے کچھ دیر بعد اشٹٹ گارٹ کی جانب سے ابیسیوچ( Ibisevic) نے گول کر کے یہ برتری ختم کر دی اور کھیل کے 71ویں منٹ میں نیدرمائیر نے ایک اور گول کر کے اشٹٹ گارٹ کو برتری دلا دی، جو کھیل کے اختتام تک قائم رہی۔

Eintracht Frankfurt vs. VFB Stuttgart Jubel am 17.03.2013
اشٹٹ گارٹ کی ٹیم میچ جیتنے کے بعدتصویر: picture alliance/Pressefoto Baumann

اتوار ہی کے روز کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں مؤنشن گلاڈباخ نے ہینوور کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔

کھیل کا واحد گول مؤنشن گلاڈباخ کی جانب سے ڈی جونگ نے کھیل کے 36 ویں منٹ میں کیا۔ بعد میں دونوں ٹیموں کے جانب سے ایک دوسرے کے گول پر حملے ہوتے رہے، تاہم کوئی بھی ٹیم بال کو گول میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہوئی۔

رواں میچ ڈے کے اختتام پر بائرن میونخ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر بدستور سب سے آگے ہے اور اسے بنڈس لیگا کا ٹائٹل جیتنے کے لیے اب صرف دو میچز جیتنا ہیں۔ بائرن میونخ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم اور دفاع چیمپیئن ڈورٹمنڈ سے 20 پوائنٹس کا فرق بنائے ہوئے ہے۔ گزشتہ روز ایک میچ میں بائرن میونخ نے لیورکوزن کو شکست دے دی تھی۔

(at/ah (AP, dpa