بنڈس لیگا: بائرن میونخ ایک بار پھر چیمپئن
7 اپریل 2013بائرن میونخ نے جس باوقار انداز میں بنڈس لیگا کی گولڈن جوبلی چیمپئن شپ جیتی ہے وہ یقینی طور پر جرمنی میں فٹ بال کی تاریخ کا ایک سنہرا باب قرار دیا جا رہا ہے۔ بنڈس لیگا کے ابھی چھ میچ ڈے باقی ہیں اور فاتح ٹیم کا فیصلہ ہو بھی گیا ہے۔ اپنے چیمپئن شپ اعزاز کا دفاع کرنے والی ٹیم ڈورٹمنڈ بھی کل ہفتے کے روز کھیلا گیا اپنا میچ جیتنے میں کامیاب تو ضرور ہوئی لیکن وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔ ڈورٹمنڈ مسلسل دو برسوں سے بنڈس لیگا کی چیمپئن چلی آ رہی تھی۔
بنڈس لیگا میں بائرن میونخ کی یہ 23 ویں کامیابی ہے۔ ہفتے کے روز اس ٹیم کی جیت اس ایک گول کی وجہ سے ممکن ہوئی جو جرمن قومی ٹیم کے کھلاڑی باستیان شوائن اسٹائیگر نے کیا تھا۔ اس میچ میں بائرن میونخ کو فرینکفرٹ کے کلب نے آسانی سے جیتنے نہیں دیا۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ فیصلہ کن گول دوسرے ہاف کے آٹھویں منٹ میں کیا گیا۔ فرینکفرٹ کی ٹیم نے گول برابر کرنے کی کوشش ضرور کی لیکن بائرن کے دفاعی کھلاڑیوں کے شاندار کھیل کی بدولت میچ برابر نہ کیا جا سکا۔
جرمن بنڈس لیگا کو شروع ہوئے پچاس برس ہو گئے ہیں اور اس عرصے میں بائرن میونخ نے چیمپئن شپ کا اعزاز 23 مرتبہ حاصل کیا ہے۔ فرینکفرٹ کے خلاف میچ جیت کر بائرن میونخ کلب نے لیگ ٹیبل پر اپنی قریب ترین حریف ٹیم پر 20 پوائنٹس کی سبقت حاصل کر لی اور اب بقیہ چھ میچ ڈیز کے دوران کوئی بھی ٹیم اپنے سارے میچ جیت کر بھی اس سبقت کا خاتمہ نہیں کر سکتی۔ اٹھائیسویں میچ ڈے کے بعد بائرن میونخ کے پوائنٹس کی تعداد 75 ہے اور قریب ترین ٹیم ڈورٹمنڈ کے 55 پوائنٹس ہیں۔
جرمن بنڈس لیگا کی تاریخ میں بائرن میونخ نے تیز ترین چیمپئن شپ جیتی ہے۔ اسی گولڈن جوبلی سیزن کے دوران مسلسل میچ جیتنے کا ایک نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔ یہ ریکارڈ بھی جرمنی کے اسی ریکارڈ ساز فٹ بال کلب نے قائم کیا۔ اس کلب نے ہفتے کی شام اپنا مسلسل گیارہواں میچ جیتا۔ بائرن میونخ نے سن 2010 کے بعد یہ چیمپئن شپ جیتی ہے۔
میچ اور چیمپئن شپ جیتنے کے بعد بنڈس لیگا کی اس نئی چیمپئن ٹیم کے کوچ ژوپ ہینکیس (Jupp Heynckes) کا کہنا تھا کہ یہ ایک شاندار لمحہ ہے کیونکہ ان کی کوچنگ میں 23 برس بعد ایک مرتبہ پھر ان کی ٹیم چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ژوپ ہینکیس کی کوچنگ میں بائرن میونخ نے سن 1989 اور 1990 میں بھی چیمپئن شپ جیتی تھی۔ اُس وقت وہ پہلی مرتبہ بائرن میونخ کے کوچ مقرر کیے گئے تھے۔ اپنی جوانی میں وہ مؤنشن گلاڈ باخ کی نمائندگی کرتے تھے۔
بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے اختتام پر 67 سالہ ہینکیس کوچنگ کے فرائض سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ ان کی موجودہ ذمہ داریوں کا اختتام تیس جون کو ہو گا۔ ان کی جگہ ہسپانوی کوچ پیپ گارڈیولا (Pep Guardiola) بائرن میونخ کے نئے کوچ ہوں گے۔ بیالیس سالہ ہسپانوی کوچ کا تعلق بارسلونا فٹ بال کلب سے رہا ہے۔
(ah/mm(dpa, Reuters