بنڈس لیگا: بائرن میونخ پہلی پوزیشن پانے میں ناکام
28 نومبر 2011بائرن میونخ نے ٹاپ پوزیشن دراصل چودھویں میچ ڈے کے آغازپر جمعے کو ہی کھو دی تھی۔ اس دِن کھیلے گئے واحد میچ میں مؤنشن گلاڈ باخ نے کولون کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر یہ پوزیشن حاصل کر لی تھی۔ تاہم ہفتے کو نمبروَن کی حیثیت مؤنشن گلاڈ باخ سے ہوتی ہوئی دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ کو حاصل ہو گئی تھی۔
بائرن میونخ کے پاس اتوار کو مائنز کے خلاف میچ میں جیت کے ذریعے پھر سے سرفہرست ٹیم بننے کا موقع تھا، جو اس نے گنوا دیا۔ اس میچ میں مائنز نے بائرن میونخ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔
اس وقت ٹاپ پوزیشن کا مقابلہ انہی تینوں ٹیموں کے درمیان ہے۔ ڈورٹمنڈ انتیس پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ مؤنشن گلاڈ باخ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ بائرن میونخ تیسرے نمبر پر ہے اور اس کے پوائنٹس اٹھائیس ہیں۔ یوں آئندہ میچ ڈے میں ٹاپ تھری پوزیشنوں میں پھر سے تبدیلی آ سکتی ہے۔
اتوار کے ایک اور میچ میں بریمن نے اشٹٹ گارٹ کو دو صفر سے مات دی۔ اس میچ ڈے کے دیگر مقابلوں میں ہفتے کو ڈورٹمنڈ نے شالکے کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ نیوریمبرگ نے کائزرزلاؤٹرن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا۔ ہوفن ہائیم اور فرائی برگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ آؤگس برگ نے وولف برگ کو دو صفر سے مات دی۔ ہیرتھا برلن اور لیور کوزن کا مقابلہ تین تین گول سے برابر رہا۔ ہینوور اور ہیمبرگ کا میچ بھی ڈرا ہوا، دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
پوائنٹس ٹیبل:
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بریمن چھبیس پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ شالکے پچیس پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ لیور کوزن چھٹے نمبر پر ہے اور اس کے پوائنٹس بائیس ہیں۔ اشٹٹ گارٹ اکیس پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر اور ہینوور بیس پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔ ہوفن ہائیم اور برلن بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں اور انہیں اٹھارہ اٹھارہ پوائنٹس حاصل ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: شامل شمس