بنڈس لیگا: بائرن میونخ ڈاؤن، ڈورٹمنڈ اور اوپر
15 اپریل 2012ہفتے کے روز شائقین اور ماہرین کی نگاہیں پوائنٹس ٹیبل کی سرفہروست ٹیم ڈورٹمنڈ اور تیسرے نمبر کی ٹیم شالکے کے میچ پر تھیں۔ تاہم اس میچ کے بعد دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کے اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔ ڈورٹمنڈ نے شالکے کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دی۔ اس طرح ڈورٹمنڈ کلب کے اب پوائنٹس کی تعداد 72 ہو گئی ہے۔ یہ تیسری پوزیشن کی حامل ٹیم شالکے سے 14زیادہ ہیں اور اب باقی صرف تین میچ ڈیز رہ گئے ہیں۔ شالکے کلب سارے میچ جیت کر بھی 72 کے ہندسے کو عبور نہیں کر سکتا۔ اس طرح شالکے اب ٹورنامنٹ جیتنے کی دوڑ سے باہر نکل گیا ہے۔
شالکے اور ڈورٹمنڈ کا میچ وقفے پر ایک ایک گول سے برابر تھا۔ میچ شروع ہونے کے نو منٹ بعد شالکے کے مِڈ فیلڈر جیفرسن فرفان (Jefferson Farfan) نے گول کر کے اپنی ٹیم کے لیے ایک گول کی سبقت حاصل کر لی۔ اس پہلے گول کے نو منٹ بعد ڈورٹمنڈ کے دفاعی کھلاڑی لوکاسز پیشییک (Lukasz Piszczek) نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف کے اکسٹھویں منٹ میں متبادل کھلاڑی سباستیان کہل نے ڈورٹمنڈ کے لیے وننگ گول کیا۔
تاہم تیسویں میچ ڈے کے دوران دفاعی چیمپئن نے ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی چیلنجر بائرن میونخ کو ہرایا اور اکتیسویں میچ ڈے کے دوران ڈورٹمنڈ کے ہاتھوں دوسری اہم چیلنجر ٹیم کو شکست کا سامنا رہا۔ اس طرح چار دنوں کے کے اندر اندر ڈورٹمنڈ نے بنڈس لیگا کے رواں سیزن کی دوسری اور تیسری بہترین ٹیموں کو شکست دی۔ میچ سے قبل ایسے اندازے لگائے گئے تھے کہ شالکے ڈورٹمنڈ کو خاصا ٹف ٹائم دیتے ہوئے میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ اس شکست کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ اب شالکے کلب چیمپئن شپ کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے۔
ہفتے کے روز ایک اور اہم میچ ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری بہترین ٹیم بائرن میونخ کا تھا لیکن وہ مائنز کے خلاف یہ میچ جیتنے میں ناکام رہی۔ دونوں ٹیمیں میچ کے دوران کوئی گول نہ کر سکیں اور اس طرح یہ میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔ اس میچ کے برابر رہنے سے بائرن کا چیمپئن بننے کے امکانات بہت معدوم ہو گئے ہیں۔ اس کے پوائنٹس کی تعداد 64 ہو گئی ہے۔ یہ ڈورٹمنڈ سے آٹھ کم ہے۔ اگر بتیسویں میچ ڈے میں ڈورٹمنڈ اپنا میچ جیت جاتی ہے تو وہ چیمپئن شپ جیت جائے گی کیونکہ بقیہ دو میچ ڈیز جیت کر بھی میونخ کی ٹیم ڈورٹمنڈ کے ٹوٹل پوائنٹس سے آگے نکلنے سے قاصر ہو گی۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں لیورکوزن اور ہیرتھا کے درمیان میچ تین تین گول سے برابر رہا۔ تنزلی کی شکار کائزرزلاؤٹرن کو نیورمبرگ کی ٹیم سے دو گول سے شکست ہوئی۔ وولفس برگ کو آؤگس برگ نے ایک گول کے فرق سے مات دی۔ ہینوور کلب کو ہیمبرگ کی ٹیم سے ہارنا پڑا۔
Ah / ai (AP, AFP)