بنڈس لیگا: بائرن پہلی پوزیشن کے مزید قریب
1 اپریل 2012بائرن میونخ کی جانب سے اس میچ میں ایک گول کیا گیا، جو آرین روبن نے کیا۔ اس فتح سے بائرن پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پوزیشن سے صرف تین پوائنٹس کی دُوری پر ہے۔ اس کے پوائنٹس 60 ہو گئے ہیں اور یہ بدستور دوسرے نمبر پر ہے۔
پہلے نمبر پر 63 پوائنٹس کے ساتھ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ ہے۔ گزشتہ میچ ڈے میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ پوائنٹس کا فاصلہ تھا جو اس مرتبہ سکڑ کر تین رہ گیا ہے۔ دراصل اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ڈورٹمنڈ کی ٹیم اس ہفتے اپنا میچ نہیں جیت پائی۔
اٹھائیسویں میچ ڈے کے پہلے روز جمعے کو اس کا سامنا شٹٹ گارٹ سے ہوا تھا۔ یہ میچ چار چار گول سے برابر رہا۔ اس بناء پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم کو محض ایک پوائنٹ ہی ملا جبکہ بائرن نے جیت کے ذریعے تین پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے ابھی چھ میچ ڈے باقی ہیں اور یوں پہلی پوزیشن کے لیے مقابلہ سخت ہوتا جا رہا ہے۔ بائرن کے مِڈ فیلڈر باسٹیان شوائن شٹائیگر کا کہنا ہے: ’’ہم ڈورٹمنڈ پر توجہ نہیں دے رہے، ہم تو صرف اپنے میچز جیتنا چاہتے ہیں۔ آپ اس (ہماری) ٹیم کی لگن دیکھ سکتے ہیں، بلاشبہ ہم ٹائٹل جیتنا چاہتے ہیں۔‘‘
ہفتے کو کھیلے گئے دیگر میچز کے نتائج:
بنڈس لیگا کے اٹھائیسویں میچ ڈے کے دوسرے روز دیگر میچز میں آؤگسبرگ کی ٹیم نے کولون کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ ہیمبرگ نے کائزرز لاؤٹرن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی۔ مائنز نے بریمن کو صفر تین سے شکست دی۔ فرائی برگ نے لیورکوزن کو صفر دو سے پچھاڑا۔ وولفس برگ نے ہیرتھا برلن کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔
اتوار کو اس میچ ڈے کے آخری روز ہینوور کا سامنا مؤنشن گلاڈ باخ سے ہو گا جبکہ ہوفن ہائیم کی ٹیم شالکے کے خلاف میدان میں اترے گی۔
پوائنٹس ٹیبل:
اس وقت پوائنٹس ٹیبل کی اٹھارہ میں سے پہلی دس پوزیشنوں پر بالترتیب ڈورٹمنڈ، بائرن میونخ، شالکے، مؤنشن گلاڈ باخ، شٹٹ گارٹ، لیورکوزن، بریمن، وولفس برگ، ہینوور اور مائنز ہیں۔ رواں میچ ڈے میں اب تک کے کھیلوں میں شٹٹ گارٹ، وولفس برگ، مائنز، آؤگسبرگ اور ہیمبرگ پوائنٹس ٹیبل پر اوپر گئی ہیں جبکہ لیور کوزن، بریمن، ہینوور، ہوفن ہائیم، نیوریمبرگ اور کولون کی ٹیموں نے اپنی گزشتہ ہفتے کی پوزیشنیں کھو دی ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل / اے پی
ادارت: حماد کیانی