بنڈس لیگا: ترپن میچوں کے بعد بائرن میونخ کی پہلی شکست
6 اپریل 2014بائرن ميونخ کے کوچ پیپ گارڈیولا نے جرمن فٹ بال لیگ کی خاصی کمزور ٹیم آؤگس بُرگ کے ساتھ مقابلے کے لیے قدرے کمزور ٹیم میدان میں اتاری اور نتیجہ توقع کے اُلَٹ رہا۔ تقریباً اٹھارہ مہینوں کے بعد بائرن کے نام پر شکست لِکھی گئی۔ آخری مرتبہ بائرن کی ٹیم کو اٹھائیس اکتوبر سن 2012 کے روز بائر لیورکوزن سے ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہارنا پڑا تھا۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اِس شکست سے واضح ہوا ہے کہ بائرن کی اگر اے ٹیم مکمل طور پر باہر ہو جائے تو اُس کے پاس ایک متوازن بی ٹیم موجود نہیں ہے۔
ہفتے کے روز کی شکست بائرن ٹیم کے لیے کوئی بہتر نتیجہ نہیں تھا کیونکہ اگلے ہفتے کے دوران بدھ کے روز چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل مرحلے کے دوسرے راؤنڈ کا میچ میونخ میں کھیلا جانا ہے۔ بائرن کو انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائٹڈ کا سامنا ہے۔ کوارٹر فائنل کے پہلے راؤنڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ ہفتے کے روز بائرن کے کوچ نے اپنی ٹیم میں تین ٹین ایجر ییلی صلاحی، مشیل وائزر اور پیئر ایملی ہُوژبژرگ کو شامل کیا تھا۔ یہ ان ٹین ایجرز کے لیے تو ایک شاندار تجربہ رہا ہو گا لیکن ٹیم کے مورال کے لیے شاید بہتر نہیں رہا۔ مشیل وائزر کی ایک غلطی پر بال آؤگس بُرگ کے فارورڈ کھلاڑی کے ہاتھ لگی اور اُس کے پاس پر ساشا مُولڈرز نے گول کر دیا۔ یہی گول بائرن کی شکست کا باعث بنا۔ بعد میں دو تین سینئر کھلاڑی بائرن ٹیم میں شامل کیے گئے لیکن آؤگس بُرگ نے متوازن دفاعی کھیل پیش کیا۔
میچ کے بعد بائرن میونخ کے کوچ پیپ گارڈیولا نے کہا کہ ایک روز تو اُن کی ٹیم کو کسی میچ میں ہارنا ہی تھا اور اِس میچ کی شکست سے اُن کی ٹیم کے مجموعی مورال میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ گارڈیولا کا مزید کہنا تھا کہ چیمپئنز لیگ میں بدھ کا میچ اُن کی ٹیم کے لیے فائنل کا درجہ رکھتے ہوئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے۔ کل ہفتے کے روز کی شکست موجودہ سیزن میں بائرن کی تیسری ہار ہے۔ اس سے پہلے گزشتہ برس جرمن سُپر کپ میں ڈورٹمنڈ سے دو کے مقابلے میں چار گول اور چیمپئنز لیگ کے گروپ مرحلے میں مانچسٹر سٹی سے دو کے مقابلے میں تین گول سے بائرن میونخ کی ٹیم ہاری تھی۔
ہفتے کے روز دیگر میچوں میں ڈورٹمنڈ نے وُولفس بُرگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ ڈورٹمنڈ کو چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل مرحلے کے دوسرے راؤنڈ میں ریال میڈرڈ کا سامنا ہے۔ پہلے مرحلے میں ڈورٹمنڈ کو تین گول سے شکست ہوئی تھی۔ یہ میچ بدھ کے روز ڈورٹمنڈ کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ فرینکفرٹ کلب نے مائنز کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ بریمن اور شالکے کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ نیورمبرگ کی ٹیم کو مؤنشن گلاڈباخ نے دو گول سے شکست دی۔ اشٹٹ گارٹ نے فرائی برگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ بائر لیورکوزن کو ہیمبرگ کی ٹیم نے ایک گول سے مات دی۔