1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: دوسرا میچ ڈے مکمل

عابد حسین1 ستمبر 2014

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ کے دوسرے میچ ڈے کی تکمیل پر دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ لیگ ٹیبل پر پہلی پوزیشن سے نیچے چلی گئی ہے۔ اِس وقت بائر لیورکوزن پہلے مقام پر ہے۔

https://p.dw.com/p/1D4W7
تصویر: Getty Images/AFP

بنڈس لیگا کے دوسرے میچ ڈے کے پہلے دن صرف ایک میچ کھیلا گیا۔ یہ میچ آوگس بُرگ اور ڈورٹمنڈ کے درمیان تھا۔ اِس میچ میں ڈورٹمنڈ نے دو کے مقابلے میں تین گول سے فتح پائی۔ دو میچ کھیل کر ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس کی تعداد تین ہے کیونکہ یہ ٹیم پہلے میچ ڈے میں میچ ہار گئی تھی۔ آُؤگس بُرگ کی ٹیم دونوں میچ ہار گئی ہے اور اِس باعث اُسے ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں ہے۔

دوسرے میچ ڈے کے دوسرے دن چھ میچ کھیلے گئے۔ اس میں اہم میچ دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ اور شالکے کے درمیان خیال کیا گیا۔ یہ میچ شالکے کے ہوم گراؤنڈ گیلزن کرشن میں کھیلا گیا اور ایک ایک گول سے برابر رہا۔ بائرن کے کوچ پیپ گارڈیولا کا کہنا تھا کہ میچ کے ابتدائی پچیس منٹ تک کھیل عمدہ تھا اور گیند پر بائرن کا قبضہ بھی رہا لیکن بعد میں اُن کی ٹیم کے کھلاڑی عمدہ کھیل پیش کرنے سے قاصر رہے۔ گارڈیولاا کے مطابق اِس دوران گیند پر بائرن کی ٹیم کا کنٹرول بھی مناسب نہیں تھا۔ بائرن نے دو میچ کھیل کر چار پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

Fußball Bundesliga FC Schalke 04 vs. FC Bayern München Alonso
بائرن میونخ اور شالکے کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہاتصویر: Reuters

شالکے سے میچ برابر کرنے کی وجہ سے وہ لیگ ٹیبل پر پہلی پوزیشن سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔ دوسری جانب شالکے کو دو میچ کھیل کر صرف ایک پوائنٹ ملا ہے۔ پہلے میچ ڈے میں شالکے کلب کو شکست کا سامنا تھا۔ دوسرے میچ ڈے میں بائر لیورکوزن نے اپنا میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔ لیورکوزن کی ٹیم نے برلن کی ٹیم ہیرتھا کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ پہلے میچ ڈے کے دوران لیورکوزن نے ڈورٹمنڈ کی مضبوط ٹیم کو ہرایا تھا۔

جرمن فٹ لیگ کے فرسٹ لیول کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیم پادرے بورن نے پہلی جیت حاصل کر لی ہے۔ اِس جیت کے ساتھ اُس کے پوائنٹس کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پادرے بورن کی ٹیم اِس وقت دوسری پوزیشن پر ہے۔ اس نے ہیمبرگ کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ ہیمبرگ کی ٹیم نے پہلے میچ ڈے کے دوران ایک میچ برابری پر ختم کیا تھا، اِس طرح اُس کے پاس ایک پوائنٹ ضرور ہے اور وہ گزشتہ سیزن کی طرح نچلی پوزیشنوں پر ہے۔ ہیمبرگ ٹیم کے کوچ میرکو سلومکا نے پادرے بورن ٹیم کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیت کی یقینی طور پر حقدار تھی۔ دوسرے لیول سے کوالیفائی کرنے والی ایک اور ٹیم کولون شہر کی ہے۔ اس ٹیم نے بھی اشٹٹ گارٹ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔