1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: سترہواں میچ ڈے شروع

15 دسمبر 2012

جرمنی میں قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے پہلے حصے کا آخری میچ ڈے جمعے کے روز سے شروع ہو گیا ہے۔ پہلے دن لیگ ٹیبل کی ٹاپ ٹیم بائرن میونخ نے اپنا میچ مؤنشن گلاڈ باخ کے ساتھ ایک ایک گول سے برابری پر ختم کیا۔

https://p.dw.com/p/172y8
تصویر: picture-alliance/dpa

میونخ میں کھیلے گئے میچ میں بائرن میونخ کو مؤنشن گلاڈ باخ نے میچ کے دوران ٹف ٹائم دیا۔ اس میچ میں جرمن قومی ٹیم کے ریزرو گول کیپر مارک اندرے ٹیر سٹیگن نے میونخ کے حملوں کا بھرپور دفاع کے ساتھ جواب دیا۔ مجموعی طور پر جمعے کے روز کھیلے گئے میچ میں مؤنشن گلاڈ باخ کے گول کیپر کا کھیل انتہائی غیر معمولی تھا۔

1.Bundesliga Fussball - Borussia Mönchengladbach - FC Augsburg
گول کیپر مارک اندرے ٹیر سٹیگنتصویر: picture alliance / augenklick/firo Sportphoto

مؤنشن گلاڈ باخ نے بائرن میونخ کے ہوم گراؤنڈ پر زوردار مگر دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکیسویں منٹ میں برتری حاصل کر لی تھی۔ پہلے ہاف میں یہ گول تھوربن ماکس نے کیا۔ میچ کا یہ ایک دلچسپ پہلو ہے کہ مؤنشن گلاڈ باخ کو بائرن کے گول پر ایک ہی بار حملے کا براہ راست موقع ملا تھا اور پنالٹی کک سے گول کیا گیا۔ بائرن میونخ کی ٹیم میں شامل جرمن قومی ٹیم کے دفاعی کھلاڑی جیروم بوٹنگ کا ہاتھ گیند کو لگ گیا تھا اور اس فاؤل پر مخالف ٹیم کو پنالٹی کک دی گئی۔ اس کے بعد مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم آخر تک شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتی رہی۔ میچ میں بائرن کے پاور پلے کا مظاہرہ اس سے ہوتا ہے کہ مہمان مؤنشن گلاڈ باخ کو پہلا کارنر میچ کے 79 ویں منٹ میں ملا اور اس وقت تک بائرن کو گیارہ کارنر مل چکے تھے۔

پہلے ہاف کے اختتام پر میچ میں مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک گول کی برتری حاصل تھی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بائرن ٹیم کو ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے ہسپانوی کھلاڑی خاوی مارٹینے (Javi Martinez) آنکھ پر چوٹ لگنے کی وجہ سے مزید کھیلنے سے دستبردار ہونا پڑا۔ خاوی مارٹینے کی جگہ میدان میں بائرن کے لیے سوئٹزرلینڈ کے کوسوو نژاد فٹ بالر جردان شاچیری کھیلنے آئے اور انہوں نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

Xherdan Shaqiri Schweiz Fußball
جردان شاچیریتصویر: picture-alliance/dpa

اس میچ میں بھی فٹ بال کے جرمن شائقین نے میدان میں اپنے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا۔ میچ کے ابتدائی بارہ منٹ اور بارہ سیکنڈ تک وہ مکمل خاموشی کے ساتھ میچ دیکھتے رہے۔ جرمن کلبوں کی جانب سے متعارف کروائے گئے سخت سکیورٹی کے نئے ضابطوں کے خلاف گراؤنڈ میں ان دنوں میچ ڈیز کے دوران شائقین ایسے احتجاج کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سترہویں میچ ڈے کے دوسرے دن چھ میچ اور کل اتوار کے روز مزید دو میچ کھیلے جائیں گے۔ اس طرح بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے پہلے حصے کی تکمیل ہو جائے گی۔ بنڈس لیگا کا دوسرا حصہ نئے سال کے پہلے مہینے جنوری کی اٹھارہ تاریخ سے شروع ہو گا۔ بائرن میونخ بنڈس لیگا کی موسم خزاں کی چیمپئن بن گئی ہے۔ لیگ ٹیبل پر اس کے پوائنٹس کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔ اس کی قریب ترین ٹیم لیورکوزن ہے اور اس کے 30 پوائنٹس ہیں۔ دفاعی چیمپئن ڈورٹمند تیسرے مقام پر ہے اور اس کے 27 پوائنٹس ہیں۔

(ah / ng (dpa