بنڈس لیگا: شالکے اور بریمن کی کامیابیاں
12 مارچ 2012بنڈس لیگا کے پچیسویں میچ ڈے کے آخری دو مقابلے اتوار کو ہوئے۔ پہلے مقابلے میں ویردر بریمن کی ٹیم نے ہینوور کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے مات دے دی۔ ہینوور کو ابتداء میں بریمن پر حاوی ہونے کے کئی مواقع ملے، تاہم اس کے کھلاڑی فائدہ نہ اٹھا سکے۔
بریمن کی جانب سے پہلا گول کلاڈیو پیزارو نے کھیل کے اکتیسویں منٹ میں کیا۔ دوسرا گول انچاسویں منٹ میں سباستیان پروئڈل نے کیا جبکہ اگلے سات منٹ میں ایک اور گول ہوا، جس کے بعد ہینوور کو کھیل میں لوٹنے کا موقع نہ مل سکا۔
بعدازاں ہینوور کے کوچ میرکو سلومکا نے کہا: ’میں خوفزدہ تھا کہ پیزارو کے لیے ایک ہی موقع بہت ہو گا اور ایسا ہی ہوا‘۔
دوسری جانب پیرو کے پیزارو کے لیے اس میچ میں جیت کے باوجود جو چیز مشکل بن سکتی ہے وہ یہ ہے کہ کھیل کے دوران انہیں ہینوور کے کھلاڑی عمانوئیل پوگاٹیٹس کو تھپڑ مارتے دیکھا گیا۔
انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’میں ان کا ہاتھ دُور ہٹانے کی کوشش کر رہا تھا۔ میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ میں نے ان سے بعد میں معذرت کی ہے‘۔
اس میچ ڈے کے آخری کھیل میں شالکے نے ہیمبرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے پچھاڑ دیا۔ شالکے کے کوچ ہُب اسٹیونز کا کہنا ہے: ’میرا خیال ہے کہ ہیمبرگ کے کھلاڑیوں نے ہم سے اچھا کھیل پیش کیا، لیکن ہم نے ملنے والے مواقع استعمال کیے‘۔
شالکے کے لیے ہوم گراؤنڈ پر ہیمبرگ کے خلاف 2004ء کے بعد یہ پہلی فتح تھی۔ قبل ازیں ہفتے کو بائرن میونخ نے ہوفن ہائم کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر نہ صرف اپنی پوزیشن مستحکم بنا لی تھی بلکہ یہ ٹیم دفاعی چیمپئن اور پوائنٹس ٹیبل پر اول نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ کے لیے بھی خطرہ بن گئی ہے۔
اس میچ ڈے کے اختتام پر بائرن اور ڈورٹمنڈ کے درمیان پانچ پوائنٹس کا فاصلہ ہے۔ تاہم ڈورٹمنڈ آئندہ میچز میں کامیابی سے بائرن کو مسلسل دُور رکھنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: مقبول ملک