بنڈس لیگا: فرینکفرٹ کے خلاف بائرن میونخ کی شاندار فتح
3 فروری 2014میونخ میں اپنی ميزبانی ميں کھیلے گئے اِس میچ میں فتح کے ساتھ بائرن میونخ نے بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنے قريب ترين حريف يعنی دوسرے نمبر کی ٹیم پر اب تيرہ پوائنٹس کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ ایلیانز ایرینا اسٹیڈیم میں ہونے والے اِس میچ میں ميزبان ٹيم کے ليے اُن کے فارورڈ کھلاڑی ماریو گومیز سميت فرانک ریبری، آرن روبن اور ڈانٹے نے گول کیے۔ اِس کھيل کی ایک خاص بات فرانسیسی کھلاڑی ریبری کی عمدہ پرفارمنس تھی، جِنہوں نے اپنی پرفارمنس کے ذريعے يہ ثابت کر دیا کہ وہ لیگ انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
بائرن میونخ نے بنڈس لیگا کے رواں سيزن ميں اب تک کھیلے جانے والے اپنے انيس میچوں میں سے سترہ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
رواں ماہ انيس تاریخ کو چیمپئنز لیگ کے سلسلے میں برطانوی کلب آرسنل کے ساتھ مقابلے سے قبل یورپی چیمپئن بائرن میونخ کو ملکی بنڈس ليگا ميں فرائی برگ، ہیمبرگ اور نیورمبرگ جیسی کمزور ٹیموں کا سامنا کرنا ہے۔ يہ ٹيميں بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہیں۔
اس سے قبل اتوار ہی کے روز نیورمبرگ اور برلن کے درمیان مقابلہ نیورمبرگ کی فتح کے ساتھ ختم ہوا۔ نیورمبرگ نے برلن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی اور اب يہ ٹيم بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر پندرویں پوزیشن پر ہے۔
قبل ازيں ہفتے کے روز بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ٹیم لیورکوزن نے اشٹٹ گارٹ کو دو ایک سے شکست دے دی تھی۔ لیورکوزن نے تین لگاتار میچوں میں شکست کے بعد ایک مرتبہ پھر فتح کے راستے پر قدم رکھا ہے۔
بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں اس وقت تیسری پوزیشن پر موجود ٹیم ڈورٹمنڈ نے جمعے کے روز براؤن شوائیگ کے خلاف دو ایک سے فتح حاصل کی تھی۔ ایک اور میچ میں شالکے کی ٹیم وولفس برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر چوتھی پوزیشن پر آگئی ہے۔
انيسویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ 53 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ دوسرے نمبر پر لیورکوزن کی ٹیم ہے، جس کے پوائنٹس 40 ہیں۔ تیسرے اور چھوتھے نمبر پر ڈورٹمنڈ اور شالکے کی ٹیمیں ہیں، جن کے پوائنٹس بالترتیب 36 اور 34 ہیں۔
مؤنشن گلاڈباخ اس وقت 33 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور وولفس برگ کی ٹیم 30 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ مائنز کی ٹیم کے بھی پوائنٹس 30 ہی ہیں تاہم کم گول کی بنا پر اُس کی پوزیشن ساتویں ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے نیورمبرگ، فرائی برگ، ہیمبرگ اور براؤن شوائیگ کی ٹیمیں ہیں، جو بالترتیب سولویں، سولویں، سترویں اور اٹھارویں نمبر پر ہیں۔