بنڈس لیگا: موسم خزاں کا سیزن ختم
21 دسمبر 2009خزاں کے اس سیزن کی فاتح ٹیم تھی لیورکوزن۔ اپنے آخری میچ میں بائیرلیورکوزن نے مونش گلیڈ باخ کو تین دو سے شکست دی۔ ٹیم کےکوچ یوپ ہائنکس اپنی ٹیم کی اس کامیابی پر بہت خوش نظر آئے۔ انکا کہنا تھا : ''ہم اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں سر فہرست ہیں۔ یہ میرے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ ہم نے اپنی پوزیشن کا دفاع کیا ہے اس طرح اگلے سیزن کی ابتداء ہم بہت پرامید طریقے سے کر سکیں گے''۔
لیورکوزن کے پینتیس پوائنٹس ہیں۔ صرف ایک پوائنٹ کے فرق یعنی چونتیس کے ساتھ شالکےپوائٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ شالکے نے اپنے آخری میچ میں مائنز کو ایک صفر سے شکست دی۔ متعدد بار چیمپئن رہنے والی میونخ کی ٹیم ونٹر بریک پر تیسرے نمبر پر ہے۔ میونخ نے اپنا میچ ، پوائٹس ٹیبل پر سب سے آخری یعنی اٹھارویں پوزیشن پر موجود برلن کی ٹیم کے خلاف کھیلا، جسے اس نے باآسانی پانچ دو سے جیتا۔
میونخ کے ٹرینر لوئس فان گال نے موجودہ سیزن میں اپنی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انکے بقول: ''میں سمجتھا ہوں کہ سیزن کے ابتداء میں ٹیم کی کارکردگی ویسی نہیں تھی، جیسی کہ ہمیں امید تھی۔ تاہم بعد میں سب نے دیکھا کہ ہم کس طرح کی فٹ بال کھیل سکتے ہیں''۔
اس ویک اینڈ پر اختتام پذیر ہونے والے اس سیزن کےمزید میچوں میں ہیمبرگ نے بریمن کو دو ایک سے ہرا دیا۔ اس فتح سے پوائنٹس ٹیبل پر ہیمبرگ کی پوزیشن پر توکوئی فرق نہیں پڑا البتہ بریمن کی ٹیم پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر چلی گئی۔کلب بوروسیا ڈارٹمنڈ اپنے قیام کی ایک سوویں سالگرہ منا رہا ہے اور اس خوشیوں میں اضافہ اس وقت ہوا ، جب اس نے اپنے آخری میچ میں فرائی برگ کو ایک صفر سے شکست دی۔
اس طرح پچھلے دس میچوں میں ڈارٹمنڈ کی ٹیم نا قابل شکست رہی۔ اس طرح ڈارٹمنڈ پوائٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی ٹیم وولفسبرگ، فرینکفرٹ کے خلاف کامیابی حاصل نہیں کر سکی اور میچ دو دو گول سے برابر رہا۔کولون نے نیورن برگ کو تین صفر سے شکست دی۔ اس میچ پر کئی اخبارات نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ، میچ دیکھ کر معلوم ہوا کہ کولون کی ٹیم بھی گول کر سکتی ہے۔ ششٹگارٹ نے ہوفن ہائیم کو تین ایک سے جبکہ بوخم نے ہننوفر کو دو کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دی۔
رپورٹ : عدنان اسحاق
ادارت : شادی خان