بنڈس لیگا: میونخ بدستور سر فہرست
3 اکتوبر 2011بائرن میونخ اور ہوفن ہائم کا میچ برابر رہنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ بریمن اس ویک اینڈ پر سرفہرست ہو جائے گی۔ لیکن بریمن نے یہ موقع گنوا دیا۔ بنڈس لیگا کے آٹھویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی پہلی تینوں پوزیشنز جوں کی توں ہیں۔ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی ڈورٹمنڈ کی ٹیم آخر کار اپنا میچ جیت گئی اور شالکے کے نئے ٹرینر ہوب اسٹیونز کو بنڈس لیگا میں اپنی پہلی جیت ملی ۔
ماہرین کے مطابق بریمن کے ہاتھ یہ ایک اچھا موقع لگا تھا کہ وہ میونخ کو پوائنٹس ٹیبل پر پیچھے دکھیل دے۔ لیکن وہ گزشتہ روز ہینوور سے تین کے مقابلے میں دو گولوں سے ہار گئی۔ بریمن کے ٹرینر تھوماس شاف اس نتیجے سے زیادہ خوش نہیں تھے۔ ’’میں اس شکست پر بہت حیران ہوں۔ کیونکہ یہ بہت غیر ضروری تھی۔ ہم نے اپنے پلان پر عمل نہیں کیا‘‘۔
نتیجہ یہ ہوا کہ بریمن دوسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب ہینوور کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے اور وہ چیمپئن ڈورٹمنڈ کو پیچھے چھوڑتی ہوئی پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔ چوتھی پوزیشن پر شالکے ہے، جس نے گزشتہ روز ہیمبرگ کو شکست دی۔ ہیمبرگ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پرآخری یعنی اٹھارہویں نمبر پر ہے۔ اگر ہیمبرگ نے اگلے میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں دکھایا تو وہ بنڈس لیگا کے دوسرے درجے میں چلی جائے گی۔
آٹھویں میچ ڈے کے دوران بنڈس لیگا کی ریکارڈ چیمپئن بائرن میونخ بھی مشکلات کا شکار رہی اور ہوفن ہائم کے خلاف اس کا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔ اسی طرح مؤنش گلاڈ باخ اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری نہیں رکھ سکی اور تیسرے نمبر کی یہ ٹیم فرائی برگ سے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہار گئی۔ ویک اینڈ پر سب سے دلچسپ میچ نیورمبرگ اور مائنز کی ٹیموں کے درمیان ہوا۔ گو کہ یہ میچ تین تین گولوں سے برابر رہا لیکن میچ کے دوران کئی اتار چڑھاؤ آئے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت : شادی خان سیف