بنڈس لیگا میں میونخ کی پوزیشن مزید مستحکم
30 اکتوبر 2011گیارہویں میچ ڈے کے دوسرے روز ہفتے کو بائرن میونخ کا سامنا نیورمبرگ سے ہوا۔ میونخ کی ٹیم نے یہ میچ صفر کے مقابلے میں چار گول سے جیتا۔ یوں پچیس پوائنٹس کے ساتھ یہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر بدستور سرفہرست ہے۔ نیورمبرگ بارہ پوائنٹس کے ساتھ تیرھویں نمبر پر ہے۔
ہفتے کے دیگر مقابلوں میں شالکے نے ہوفن ہائیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے مات دی۔ شٹٹ گارٹ اور دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ہیرتھا برلن نے وولفس برگ کو دو تین سے ہرایا۔ مؤنشن گلاڈ باخ نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے پچھاڑا جبکہ بریمن نے مائنز کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔
قبل ازیں جمعے کو اس میچ ڈے کا پہلا میچ شالکے اور لیورکوزن کے درمیان کھیلا گیا، جو لیورکوزن نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا۔
اتوار کو گیارہویں میچ ڈے کے آخری روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کولون کی ٹیم آؤگسبرگ کا سامنا کرے گی جبکہ دوسرے میچ کے لیے ہیمبرگ اور کائزرلاؤٹرن کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔
بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل کی صورتِ حال:
اس ہفتے کا میچ جیت کر شالکے نے بھی اپنی پوزیشن مستحکم بنائی ہے اور اب یہ ٹیم اکیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ڈورٹمنڈ، بریمن اور مؤنشن گلاڈ باخ بیس بیس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
شٹٹ گارٹ اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ ساتویں نمبر پر اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ ہینوور ہے۔ لیور کوزن آٹھویں نمبر پر ہے اور اس کے پوائنٹس سترہ ہیں۔ ہوفن ہائیم اور برلن سولہ سولہ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔
وولفس برگ تیرہ پوائنٹس کے ساتھ گیارہویں نمبر پر جبکہ تیرہ ہی پوائنٹس کے ساتھ کولون بارہویں نمبر پر ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے یعنی اٹھارہویں نمبر پر سات پوائنٹس کے ساتھ فرائی برگ کی ٹیم ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: افسر اعوان