بنڈس لیگا: پندرہواں میچ ڈے مکمل
3 دسمبر 2012جرمنی میں فٹ بال کی قومی لیگ کے موسم خزاں کے وقفے سے قبل اب صرف دو میچ ڈیز رہ گئے ہیں۔ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں موسم خزاں کی چیمپئن بننے کا اعزاز بائرن میونخ کو حاصل ہو سکتا ہے۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بائرن کی ٹیم کے پوائنٹس 38 ہیں اور اس کی قریب ترین حریف لیور کوزن ہے اور وہ 30 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ تیسرے پوزیشن پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ ہے اور اس کے پوائنٹس 27 ہیں۔
پندرہویں میچ ڈے کی تکمیل پر پوائنٹس کے اعداد و شمار کی روشنی میں بائرن کی ٹیم اگلے دونوں میچ ہار بھی جائے اور دوسری و تیسری پوزیشن کی دونوں ٹیمیں اپنے اپنے دونوں میچ جیت کر بھی پہلا مقام حاصل نہیں کر سکتیں۔ پندرہویں میچ ڈے کے دوران اتوار کے روز دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ اس میچ کی برابری پر ناقدین حیران ہیں کیونکہ بائرن کی ٹیم رواں سیزن میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کر رہی تھی۔ اس نے پندرہ میں سے بارہ میچ جیتے ہیں۔ ڈورٹمنڈ نے اب تک صرف سات میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
بنڈس لیگا کے اتوار کے روز کھیلے گئے دو میچوں میں سے ایک ہوفن ہائم اور بریمن کے فٹ بال کلبوں کے درمیان کھیلا گیا۔ رواں سیزن میں ہوفن ہائم کی ٹیم کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا رہا۔ بریمن نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔ اس شکست کے بعد ہوفن ہائم کی ٹیم لیگ ٹیبل میں مزید نیچے چلی گئی ہے۔ اتوار کے روز چوتھی شکست کے بعد اب ہوفن ہائم کی پوزیشن سولہویں ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں سے تنزلی کی ابتدا ہوتی ہے۔ ایک اور شکست سے وہ مزید نیچے ہو سکتی ہے۔
بریمن کی جانب سے فارورڈ کھلاڑی مارکو آرناٹووچ (Marko Arnautovic) نے تین گول کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ میچ کے اکیسویں منٹ میں سباستان پرؤڈل (Sebastian Proedl) نے گول کر کے بریمن کو برتری دلوائی۔ اس کے بعد آرناٹووچ نے ایک گول پہلے ہاف اور دو گول دوسرے ہاف میں کئے۔ اس دوران ہوفن ہائم کی جانب سے ایک گول ضرور اسکور کیا گیا۔ بریمن کی ٹیم 16 پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں پندرہویں میچ ڈے کی تکمیل پر آٹھویں پوزیشن پر ہے۔
اتوار کے روز دوسرا میچ ہیمبرگ اور وولفس برگ کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کر سکیں۔ وولفس برگ کے لیے بھی رواں سیزن کوئی جاندار نہیں ہے۔ یہ ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پندرہویں مقام پر ہے اور اس کے پوائنٹس 16 ہیں۔ ہیمبرگ کی ٹیم 21 پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر ہے۔
(ah / at (Reuters, AFP