بنڈس لیگا، پہلی یوزیشن کے لئے سخت مقابلہ
8 فروری 2010جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کا اکیسواں میچ ڈے مکمل ہوگیا ہے۔ اس ویک اینڈ پرکل نو میچزکھیلے گئے۔ پوائنٹس ٹیبل پر بائر لیورکوزن پینتالیس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ لیکن صورتحال دیکھتے ہوئے یہ کہا جا رہا ہے کہ کسی ٹیم کا زیادہ دیر تک پہلی پوزیشن پررکنا مشکل نظرآ رہا ہے۔
میونخ کی ٹیم کے بھی پوائنٹس پینتالیس ہی ہیں مگر گول اوسط کم ہونےکی بناء پر وہ دوسرے نمبر پر ہے۔ لیورکوزن اور بوخم کا میچ ایک ایک سے برابر رہا۔ ماہرین کی رائے تھی کہ یہ میچ لیورکوزن کی ٹیم باآسانی جیت جائے گی تاہم ٹیم مینیجر Jupp Heynckes نے اس نتیجے پراطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ جیتے ہیں یا نہیں۔ ان کے خیال میں ٹورنامنٹ کے اختتام پر یہ ایک پوائنٹ بہت اہمیت کا حامل ہوسکتا ہے۔ مزید یہ کہ انہوں نے اکثر دیکھا ہے کہ میچ کے بے نتیجہ رہنے پر کھلاڑی افسوس کرتے ہیں لیکن بعد میں کہتے ہیں کہ ہارنے سے تو اچھا ہی ہے کہ ایک پوائنٹ مل گیا۔
دوسری جانب ریکارڈ مرتبہ بنڈس لیگا جیتنے والی میونخ کی ٹیم نے اعزاز کا دفاع کرنے والی وولفس برگ کو تین ایک سے شکست دی۔ اس ٹورنامنٹ میں میونخ کی یہ آٹھویں مسلسل فتح تھی۔ ان کی کارکردگی دیکھتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ ان کے ٹائٹل جیتنے کے امکانات ایک مرتبہ پھربڑھ گئے ہیں۔ ٹیم کے رکن ڈانیئیل نے بتایا کہ اس کارکردگی کے بعد ٹیم میں تمام کھلاڑیوں کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔ ان کے مطابق اس وقت صرف ٹیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہر میچ کوسنجیدگی سے لینا ہے، چاہے وہ کسی بھی ٹیم کے بھی خلاف ہو۔
شالکے اور فرائی برگ کا میچ برابر رہا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔ اس طرح شالکے بیالیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ہیمبرگ اور کولون کے درمیان کھیلے گئے میچ کا بھی نتیجہ بھی بے نتیجہ ہی تھا تاہم دونوں ٹیموں نے تین تین گول کئے۔ ہیمبرگ کی ٹیم چھتیس پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئی۔ چوتھے نمبر پر موجود بوروسیا ڈورٹمنڈ، فرینکفرٹ سے تین دو سے ہارنے کے بعد پانچویں پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ ڈورٹمنڈ کے لئے یہ نتیجہ انتہائی غیر یقینی تھا۔ میچ کے اختتام پرتمام کھلاڑی اور فینز بہت ہی افسردہ نظر آئے۔ اسی طرح ہوفن ہائیم نے سات میچوں میں مسلسل شکست کے بعد اس ویک اینڈ پر ہیوور کے خلاف اپنا میچ دو ایک سے جیت لیا۔ شٹٹ گارٹ نے نیورمبرگ کو دو ایک سے شکست دینے کے بعد اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رہا۔ بریمن نے برلن کے خلاف میچ دو ایک سے جیت لیا۔
اتوار کی شام کھیلے جانے والے میچوں میں ڈورٹمنڈ اور فرینکفرٹ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ انتہائی دلچسپ رہا۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم دو ایک سے یہ میچ تقریبا جیتنے ہی والی تھی کہ میچ کے آخری لمحات میں فرینکفرٹ کی ٹیم نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے میدان مار لیا۔ اس سے قبل کھیلے جانے والے میچ میں مائنز کی ٹیم نے میونشن گلاڈباخ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت : عاطف توقیر