1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، ڈورٹمنڈ ایک مرتبہ پھر تیسری پوزیشن پر

17 دسمبر 2012

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے 17 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں دفاعی چمپیئن ڈورٹمنڈ نے ہوفن ہائم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/173aq
تصویر: AFP/Getty Images

اس فتح کے بعد ڈورٹمنڈ نے لیگ میں تیسری پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی ہے۔ ڈورٹمنڈ کی جانب سے گول ماریو گیٹسے، کیون گروس کروئٹس اور رابرٹ لیونڈوسکی نے کیے۔ اس فتح کے باوجود ڈورٹمنڈ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست بائرن میونخ سے 12 پوائنٹس پیچھے ہے۔ بائرن میونخ اس میچ ڈے میں جمعے کے روز میؤنشن گلاڈباخ کے خلاف کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی اور وہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا، تاہم میونخ اس کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

اتوار کے روز ہوفن ہائم کے خلاف میچ میں ڈورٹمنڈ کی جانب سے 20 سالہ گیوٹسے نے کھیل کے 26ویں منٹ میں پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم اس کے نو منٹ بعد ہوفن ہائم کی جانب سے سوین شِپکوک نے گول کر کے ڈورٹمنڈ کی اس برتری کا خاتمہ کر دیا۔

Fußball Bundesliga Werder Bremen gegen 1.FC Nürnberg
نیورمبرگ اور بریمن کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہاتصویر: dapd

کھیل کے 58 ویں منٹ میں گروس کروئٹس نے گول کر کے ایک مرتبہ پھر ڈورٹمنڈ کو برتری دلوا دی، جسے کھیل کے 66 ویں منٹ میں لیونڈوسکی نے ایک اور گول کے ذریعے دوگنا کر دیا۔ رواں سیزن میں یہ ہوفن ہائم کی مسلسل چھٹی شکست تھی۔ اس شکست کے بعد اب وہ لیگ ٹیبل پر 16 ویں پوزیشن پر ہے۔

اتوار ہی کے روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں نیورمبرگ اور بریمن کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس میچ میں کھیل کے 82ویں منٹ میں گیبہرٹ نے نیورمبرگ کو برتری دلائی۔ کھیل کے آخری لمحات میں بریمن کی جانب سے نِلز پیٹرسین نے آف سائیڈ پوزیشن پر بال کو گول میں پہنچا دیا، تاہم ریفری نے اسے گول قرار دیا۔

اس میچ کے بعد نیورمبرگ کے کوچ نے کہا، ’ہمیں فیصلے تسلیم کرنے ہوتے ہیں، بے شک وہ ہمارے خلاف ہی کیوں نہ ہوں مگر یہ انصاف نہیں‘۔ دوسری جانب میچ کے بعد بریمن کے کوچ نے بھی نیورمبرگ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

پوائنٹس ٹیبل

17ویں میچ ڈے کے اختتام پر بائرن میونخ کی ٹیم 42 پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں سرفہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر لیورکوزن کی ٹیم ہے، جس کے 33 پوائنٹس ہیں۔ تیسرا نمبر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کا ہے، جس کے 30 پوائنٹس ہیں۔ فرینکفرٹ کی ٹیم کے بھی تیس پوائنٹس ہیں، تاہم وہ کم گول اوسط کی بنیاد پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔ اسی طرح فرائی برگ اور مائنز کی ٹیمیں بھی 26،26 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر ہیں۔ شالکے، میؤنشن گلاڈباخ اور اشٹٹ گارٹ25،25 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ساتویں، آٹھویں اور نویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

اٹھارہ ٹیمیوں پر مشتمل بنڈس لیگا میں ہوفن ہائم 12 پوائنٹس کے ساتھ 16ویں پوزیشن پر ہے جبکہ آؤگس برگ اور گرؤتھر فرؤتھ نو نو پوائنٹس کے ساتھ 17ویں اور 18ویں پوزیشن پر ہیں۔ واضح رہے کہ بنڈس لیگ کے ہر سیزن کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر موجود آخری تین ٹیمیوں کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ بنڈس لیگا ٹو میں بھیج دی جاتی ہیں، جبکہ بنڈس لیگا ٹو سے تین ٹاپ ٹیمیوں کو بنڈس لیگا میں شامل کر لیا جاتا ہے۔

at/ng (AFP, dpa)