1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ باضابطہ چیمپئن

6 مئی 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کا رواں سیزن اپنی منزل کو پہنچ گیا۔ پانچ مئی کو آخری اور چونتیسواں میچ ڈے کھیلا گیا۔ ڈورٹمنڈ نے چیمپئن شپ میں اپنا آخری میچ بھی شاندار انداز میں جیتا۔

https://p.dw.com/p/14qff
تصویر: dapd

ڈورٹمنڈ کلب کی جرمن قومی فٹ بال لیگ کے ٹاپ لیول میں کامیابی تو تینتیسویں میچ ڈے کے اختتام پر ہی واضح ہو گئی تھی مگر آخری میچ ڈے کے بعد اسے باقاعدہ چیمپئن کے اعزاز اور ٹرافی سے نوازا گیا۔ بنڈس لیگا کے آخری میچ ڈے میں ڈورٹمنڈ کا میچ فرائی بُرگ کے ساتھ تھا۔ اس میں چیمپئن کلب نے صفر کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل کی۔ ڈورٹمنڈ کی جانب سے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی کلاس ژان ہُنٹے لار (Klaas-Jan Huntelaar) نے دو گول کیے۔ اس طرح ایک غیر جرمن کھلاڑی کے طور پر ہُنٹے لار نے 29 گول کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ وہ بنڈس لیگا کے ختم ہونے والے سیزن میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کے بعد ماریو گومیز ہیں۔

Fußball 1. Bundesliga 34. Spieltag BVB Dortmund Trainer Jürgen Klopp hält die Meisterschale
ڈورٹمنڈ کے کوچ ژورگن کلوپ ٹرافی کے ساتھتصویر: Reuters

ڈورٹمنڈ کی چیمپئن شپ میں کامیابی کے ساتھ کئی ریکارڈ بھی ظاہر ہوئے۔ اس ٹیم کے غیر جرمن کھلاڑی کلاس ژان ہُنٹے لار نے نہ صرف 29 گول کرنے کا منفرد ریکارڈ قائم کیا بلکہ بنڈس لیگا کی تاریخ میں کسی بھی غیر جرمن کھلاڑی کی جانب سے یہ سب سے زیادہ گول ہیں۔ اسی طرح کلب نے ہفتے کے روز ختم ہونے والے سیزن میں 81 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور حالیہ برسوں میں یہ بہت زیادہ تصور کیے گئے ہیں۔

اس تناظر میں ڈورٹمنڈ کلب کے کوچ ژورگن کلوپ (Juergen Klopp) کا کہنا تھا کہ بنڈس لیگا کا اختتام ایک غیر معمولی دن پر ہوا ہے اور ڈورٹمنڈ کے اکیاسی پوائنٹس کا حصول اگلے سالوں میں برابر کرنا آسان نہیں ہو گا۔ اسی طرح رواں سیزن میں مسلسل پچیس میچ جیت کر ڈورٹمنڈ نے بائرن میونخ کے ریکارڈ کو برابر کر دیا ہے۔ ختم ہونے والے سیزن میں کل اٹھائیس میچوں میں ڈورٹمنڈ کو جیت حاصل ہوئی ہے۔ اگر وہ اس برس موسم سرما میں شروع ہونے والے بنڈس لیگا کے اگلے سیزن میں مزید آٹھ میچ جیت جاتی ہے تو وہ اشٹٹ گارٹ کا سن 1982 کا ریکارڈ برابر کرنے کی پوزیشن میں ہو گی۔

Fußball 1. Bundesliga 34. Spieltag BVB Dortmund Dortmunds Fans
ڈورٹمنڈ کے چیمپئن بننے پر مداحین کا جوش وخروشتصویر: Reuters

ہفتے کے روز کھیلے گئے میچوں میں کولون شہر کی ٹیم بائرن میونخ سے ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہار گئی۔ اس طرح وہ پوائنٹس ٹیبل پر سترہویں پوزیشن پر چلی گئی اور بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول میں چلے جانے پر مجبور ہو گئی۔ موجودہ پوائنٹس ٹیبل کی آخری دو ٹیموں کو بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول میں دھکیل دیا گیا ہے۔ کولون ٹیم کے شائقین اور مداحوں نے ٹیم کے اخراج پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے دھواں چھوڑنے والے بم بھی اپنے رنج اور غصے کے اظہار کے لیے استعمال کیے۔ بنڈس لیگا میں کولون ٹیم کی یہ مجموعی طور پر پانچویں تنزلی ہے۔

تنزلی کا طوق پہننے والی ٹیموں میں کولون کے ساتھ دوسری ٹیم کائزرزلاؤٹرن کی ہے۔ تیسری ٹیم ہیرتھا برلن ہو سکتی ہے لیکن اس کے پاس یہ چانس ہے کہ وہ سیکنڈ لیول کی تیسری بہترین ٹیم کے خلاف دو میچ کھیلے گی اور اُن میں ناکامی کی صورت میں اس کو خارج کیا جائے گا اور اگر وہ جیت گئی تو اسے ٹاپ لیول کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔ ہیرتھا نے بنڈس لیگا کے آخری میچ ڈے میں اپنا شیڈیول میچ ہوفن ہائیم کلب کے خلاف جیتا۔

ah/aa (AP, Reuters)