بنڈس لیگا: گیارہواں میچ ڈے، دوسرا دِن
3 نومبر 2013بائرن میونخ اور ہوفن ہائیم کلبوں کے درمیان میچ بظاہر صرف ایک دلچسپی کا حامل تھا کہ آیا اس میں کامیابی سےپوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ ایک مرتبہ پھر ٹاپ ٹیم بنتی ہے۔ میچ میں ہوفن ہائیم نے اپنی سی کوشش ضرور کی لیکن بائرن کے فارورڈ کھلاڑیوں کی جانب سے گول کے یقینی مواقع ضائع کرنے کے بعد بھی کامیابی روکی نہیں جا سکی۔ اِس کامیابی سے بائرن میونخ کے پوائنٹس کی تعداد 29 ہو گئی ہے۔ دوسری پوزیشن پر پہنچنے والی ٹیم ڈورٹمنڈ کے 28 پوائنٹس ہیں۔
ہفتے کے روز بائرن اور ہوفن ہائیم کا میچ وقفے پر ایک ایک گول سے برابر تھا۔ بائرن کی جانب سے وِننگ گول تھوماس مُلر نے 75 ویں منٹ میں کیا۔ اس کامیابی کے بعد بائرن میونخ نے تیس برس ہیمبرگ کلب کے مسلسل 36 میچ جیتنے کے ریکارڈ کو برابر کر دیا۔ بنڈس لیگا کے گزشتہ 36 میچوں میں جرمنی کے ریکارڈ ساز فٹ بال کلب بائرن کو شکست کا سامنا نہیں رہا اور اگلے میچ ڈے میں کامیابی سے ایک نیا ریکارڈ قائم ہو جائے گا۔ یہ میچ ہوفن ہائیم کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گیا تھا۔ اگلے ہفتے کے روز ، بارہویں میچ ڈے میں بائرن کو آؤگس برگ کی ٹیم کا سامنا ہو گا اور یہ میچ ٹاپ ٹیم جیت سکتی ہے۔
بنڈس لیگا کے دیگر میچوں میں فرائی برگ کی ٹیم کو دس کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا۔ میچ میں اولیور زورگ کو دوسرا ییلو کارڈ ملنے پر میدان سے باہر جانا پڑا مگر اس کے باوجود فرائی برگ کی ٹیم رواں بنڈس لیگا کے سیزن میں اپنا پہلا میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔ اِس نے نیورمبرگ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ ہفتے کے روز سب سب سے بڑا اپ سیٹ آئنتراخٹ براؤنشوائیگ اور بائر لیورکوزن کے میچ میں دیکھنا پڑا۔ لیگ ٹیبل میں بائر لیور کوزن تیسرے مقام کی حامل ہے اور آئنتراخٹ براؤنشوائیک نچلی پوزیشنوں میں سے ہے۔ اِس میچ میں لیورکوزن کو ایک گول سے ہارنا پڑا۔ آئنتراخٹ براؤنشوائیگ کی ٹیم کی جانب سے گولڈن گول ڈومی کُمبیلا نے کیا۔
بنڈس لیگا کے ہفتے کے روز کھیلے جانے والے بقیہ دو میچوں میں مؤنشن گلاڈ باخ نے ہیمبرگ کلب کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ فروری سن 2012 کے بعد کسی اور میدان میں مؤنشن گلاڈ باخ کی یہ پہلی بھرپور کامیابی تھی۔ یہ میچ ہیمبرگ ٹیم کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گیا تھا۔ ہفتے ہی کے روز شالکے نے برلن کے ہیرتھا کلب کو اُس کے ہوم گراؤنڈ پر دو گول سے ہرایا۔ ہیرتھا کی جانب سے کوئی گول نہیں کیا جا سکا۔ بنڈس لیگا کے گیارہویں میچ ڈے کے سلسلے کے دو میچ آج اتوار کے روز کھیلے جائیں گے۔ ان میں ایک آؤگس برگ اور مائنز کے درمیان کھیلا جائے گا اور دوسرے مبیچ کی ٹیمیں ہیں بریمن اور ہینوور۔ بارہواں میچ ڈے اگلے جمعے یعنی آٹھ نومبر سے شروع ہو گا۔