بنڈس لیگا:چیمپئن بائرن کا سب سے زیادہ پوائنٹس کا نیا ریکارڈ
28 اپریل 2013جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کو ریکارڈ میچ ڈیز میں جیتنے والی چیمپئن ٹیم بائرن میونخ نے ہفتے کے روز فرائی بُرگ کی ٹیم کو ایک سخت میچ میں صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست سے دو چار کر دیا۔ رواں سیزن کے دوران چیمپئن کلب بائرن کی یہ مسلسل چودہویں جیت ہے۔ بائرن میونخ نے اسی ہفتے کے دوران منگل کے روز یورپی کلبوں کے اہم ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل راؤنڈ کے پہلے مرحلے میں ہسپانوی کلب بارسلونا کو چار گول سے شکست دے کر فائنل میچ کھیلنے کے لیے کسی حد تک اپنی راہ کو ہموار کر لیا ہے۔ اب پہلی مئی کو بارسلونا کے شہر میں بائرن کی ٹیم سیمی فائنل مرحلے کا جوابی میچ کھیل رہی ہے۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے میچ میں بائرن کی ٹیم نے کامیابی حاصل کر کے لیگ ٹیبل پر اپنے پوائنٹس کی تعداد کو 84 پر پہنچا دیا ہے اور ابھی تین میچ ڈیز باقی ہیں۔ زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کا ریکارڈ گزشتہ برس ڈورٹمنڈ نے بنایا تھا اور وہ 81 تھا۔ بنڈس لیگا کے رواں سیزن کا آخری میچ ڈے اگلے مہینے کی اٹھارہ تاریخ سے شروع ہو گا۔ چیمپئنز لیگ کا میچ کھیلنی والی بائرن میونخ کی ٹیم میں ہفتے کے روز کم از کم دس تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ فرائی برگ کے خلاف میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول پہلے ہاف میں سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جردان شاچیری نے کیا۔
ہفتے ہی کے روز لیگ ٹیبل کی دوسری پوزیشن کی حامل اور گزشتہ برس کی چیمپئن ٹیم ڈورٹمنڈ نے بھی اپنا میچ جیت کر اپنے پوائنٹس کی تعداد 64 کر لی ہے۔ ڈورٹمنڈ کلب کی ٹیم میں بھی دس تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ ڈورٹمنڈ نے ڈسلڈورف فورٹونا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ ڈورٹمنڈ کی جانب سے فیصلہ کن گول ترک نژاد کھلاڑی نوری شاہین نے کیا۔
یہ امر اہم ہے کہ اسی ہفتے کے دوران بدھ کی شام میں چیمپئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں ڈورٹمنڈ نے معتبر ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے مات دی تھی۔ پرسوں منگل یعنی تیس اپریل کی شام اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ڈورٹمنڈ کو سیمی فائنل راؤنڈ کے دوسرے مرحلے میں ریال میڈرڈ فٹ بال کلب کا سامنا ہے۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے بقیہ میچوں میں ویردر بریمن کوبائر لیورکوزن سے ایک گول سے ہارنا پڑا۔ بریمن کی ٹیم اس وقت قدرے ناقص پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ لیور کوزن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن کی حامل ہے۔ بریمن کلب اس وقت چودہویں پوزیشن پر ہے۔ وولفس برگ نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ہرایا۔ تنزلی کا سامنا کرنے والی ٹیم ہوفن ہائیم نے نیورمبرگ کو شکست دی۔
تنزلی کا سامنا کرنے والی ایک اور ٹیم آؤگزبرگ کی ہے اور اس نے اشٹٹ گارٹ کو تین گول سے مات دی۔ ہوفن ہائیم اور گروئتھرفیورتھ کی ٹیمیں سر دست یقینی تنزلی کا سامنا کر رہی ہیں۔ آؤگزبرگ کی ٹیم کو بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول کی تیسری پوزیشن کی حامل ٹیم سے میچ کھیلنا ہو گا اور اس میں کامیابی کے بعد ہی یہ طے ہو گا کہ وہ سیکنڈ لیول میں جاتی ہے یا ٹاپ لیگ میں رہے گی۔ آؤگزبرگ کو امکاناً یہ میچ کائزرزلاؤٹرن کلب کے خلاف کھیلنا ہو گا۔
(ah/zb(Reuters,dpa