1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش سے ہوم سیریز۔ ملک اور حفیظ کی حیران کن واپسی

عاصمہ کنڈی
16 جنوری 2020

بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم سے فاسٹ باؤلر محمد عامر اور وہاب ریاض کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ کراچی کے اوپننگ بیٹسمین احسن علی اور فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو پہلی بار پاکستانی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3WIYj
تصویر: DW/T. Saeed

 سلیکٹرز نے موسم خزاں میں آسٹریلیا کے ہاتھوں کلین سویپ ہونے والی ٹیم میں سات تبدیلیاں کرتے ہوئے تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک اور محمد حفیظ پر حیران کن طور پر ایک سال بعد دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ البتہ سابق کپتان سرفراز احمد فٹنس ٹیسٹ میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے کے باوجود جگہ نہیں بنا سکے۔

بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے منگل کو سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد لاہور میں ٹیم کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو واپس فتوحات کے راستے پر گامزن کرنے لیے،'' ہم نے دو نئے کھلاڑیوں حارث رؤف اور احسن علی کو ٹیم میں شامل کیا ہے اور آل راؤنڈر عماد بٹ کی تین سال بعد واپسی ہوئی ہے۔‘‘

ICC Cricket World Cup 2019 - Pakistan vs. Bangladesh
تصویر: Action Images via Reuters/P. Childs

26 سالہ حارث رؤف کو پی ایس ایل 2019ء کی دریافت سمجھاتا جاتا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں دھماکہ خیز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔ مصباح کا کہنا تھا کہ حارث کی صرف آسٹریلیا میں ہی نہیں بلکہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کی کارکردگی کو بھی مدنظر رکھا گیا،''وہ تینوں فارمیٹس کھیلنے کی اہلیت رکھتا ہے۔‘‘

پاکستانی ٹیم سے اوپنر فخر زمان، امام الحق اور آصف علی کو بھی ڈراپ کیا گیا ہے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جب تک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اچھا کمبینیشن نہیں بن جاتا سلیکشن میں تجربات جاری رہیں گے۔ سرفراز احمد کی واپسی کے متعلق سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا ،''سرفراز نے حالیہ ٖفٹنس کیمپ میں سب کو متاثر کیا تاہم وہ فارم کی وجہ سے باہر ہوئے تھے جس کا اندازہ پی ایس ایل سے ہو جائے گا۔  ہمیں آئندہ ماہ پاکستان سپر لیگ کے بعد کافی سوالوں کے جواب مل جائیں گے۔‘‘

اس سوال پر کہ کیا محمد عامر اور وہاب ریاض کو ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے سزا دی گئی۔ مصباح کا کہنا تھا،'' ہم نوجوان کھلاڑیوں کو مستقل مواقع دینا چاہتے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا اور آسٹریلیا سے کلین سویپ ہونے کے بعد پاکستان کی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعتماد مجروح ہوا ہے،'' ہماری کوشش ہے کہ بنگلہ دیش کو ہرا کر ٹیم اس اعتماد کو بحال کرے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا اور بنگلہ دیش کو ہرانے کے لیے  ٹیم کو اپنی بہترین کرکٹ کھیلنا ہو گی۔‘‘

ICC Cricket World Cup 2019 - Pakistan vs. Bangladesh
تصویر: Action Images via Reuters/P. Childs

محمد حفیظ نے نومبر 2018ء اور شعیب ملک نے ایک برس سے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ دونوں کی واپسی کا دفاع کرتے ہوئے مصباح کا کہنا تھا کہ ان کی سلیکشن کا مقصد شکست کا خوف نہیں بلکہ دونوں تجربہ کار کھلاڑی ہیں،''ہمیں لگتا ہے کہ وہ اب بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔‘‘

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سکواڈ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہے، جس میں ان کی رائے بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم اب بہتر کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

15 رکنی پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابر اعظم کپتان، احسن علی، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، اماد بٹ، خوش دل شاہ، محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد حسنین، محمد رضوان،  موسیٰ خان، شاہین شاہ، شاداب خان اور عثمان قادر۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 24 سے 27 جنوری تک قذافی اسٹڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔ بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچ  اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل فروری اور اپریل میں راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

Asma Kundi
عاصمہ کنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی عاصمہ کنڈی نے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔