بوریت کچھ بھی نہ کرنے سے مختلف ہوتی ہے، جرمن ماہر سماجیات
16 اپریل 2023آج کل کی تیز رفتار زندگی میں بوریت کے احساس سے کون واقف نہیں۔ اکثر سمجھا یہ جاتا ہے کہ بور ہونا یا کسی کام میں دل کا نہ لگنا محض ایک انفرادی مسئلہ ہے۔ لیکن معروف جرمن ماہر سماجیات سِلکے اوہلمائر کہتی ہیں کہ بوریت کوئی انفرادی نہیں بلکہ انسانوں کا ایک اجتماعی سماجی مسئلہ ہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں خودکُشیوں کا بڑھتا رجحان
ابھی حال ہی میں سِلکے اوہلمائر کی ایک نئی کتاب بھی شائع ہوئی ہے، جس کا عنوان ہے: ''بوریت سیاسی ہوتی ہے۔‘‘ اوہلمائر انسانوں میں بوریت کے مسئلے کا ایک اجتماعی معاشرتی احساس کے طور پر جائزہ لیے جانے کا مطالبہ کرتی ہیں۔
’بوریت کچھ بھی نہ کرنے سے مختلف ہوتی ہے‘
سِلکے اوہلمائر نے نیوز ایجنسی کے این اے کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ آج کل کے معاشروں میں بوریت سے مراد یہ بھی لی جاتی ہے کہ جب آپ کا کچھ بھی نہ کرنے کو جی چاہ رہا ہو۔ لیکن ''بوریت کچھ بھی نہ کرنے کی خواہش سے مختلف ہوتی ہے۔ یہ ہمارے ارد گرد کے سماجی، اقتصادی اور نفسیاتی ڈھانچوں کے باعث ہم پر پڑنے والے اثرات کا نتیجہ ہوتی ہے اور اس کا ایک پہلو سیاسی بھی ہے۔‘‘
جرمنی میں مہاجرین کی بوریت دور کرنے کا نیا طریقہ
اس جرمن مصنفہ کے بقول روزمرہ زندگی میں اکثر بوریت اور کچھ نہ کرنے کی خواہش کو یکساں سمجھا جاتا ہے، حالانکہ ان کے بقول یہ دونوں باتیں یکساں نہیں ہیں۔
اوہلمائر نے اپنے انٹرویو میں کہا، ''صرف کچھ نہ کرنے کی خواہش ہی بوریت نہیں ہوتی۔ بوریت کسی بھی کام میں عدم دلچسپی سے کہیں بڑھ کر اور ایک ایسا سوال ہوتی ہے کہ ''صورت حال اور فرد کے مابین ہم آہنگی کیسے پیدا کی جائے؟‘‘
اس کی ایک مثال دیتے ہوئے سِلکے اوہلمائر کہتی ہیں، ''ممکن ہے کہ کوئی انسان کھڑکی کے سامنے کھڑا باہر دیکھ رہا ہو اور بوریت محسوس کرے۔ لیکن یہی صورت حال اس کے لیے بہت پرسکون اور ذہنی دباؤ میں کمی کا باعث بننے والی بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ اس لیے بوریت سے بچاؤ کا طریقہ یہ ہے کہ کسی بھی فرد اور اس کی صورت حال کے مابین مطابقت یا ہم آہنگی پیدا ہو جائے۔‘‘
جرمن شہر میں ٹریفک سگنل پر راہگیروں کے لیے ویڈیو گیم
تنہائی سے متعلقہ امور کی وزارت
سِلکے اوہلمائر نے بوریت کو ایک اجتماعی سماجی مسئلہ قرار دیتے اور اس کے سماجی حل کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے یہ حوالہ بھی دیا کہ اس بارے میں برطانیہ میں 2018ء میں ایک فیصلہ کن قدم اس وقت اٹھایا گیا تھا، جب وہاں تنہائی سے متعلقہ امو رکی ملکی وزارت قائم کر دی گئی تھی۔
یورپی یونین کا نیا مرکزی ادارہ، نام مردم بیزار سوچ کا عکاس؟
برطانیہ میں اس نئی وزارت کے قیام کے بعد نہ صرف اس مسئلے کے بارے میں عوامی شعور میں واضح تبدیلی آئی بلکہ یہ بھی طے ہو گیا کہ تنہائی، جو بوریت کی بھی وجہ بنتی ہے، پورے معاشرے کا مسئلہ ہے اور معاشرتی سطح پر ہی حل کیا جانا چاہیے۔
'بوریت سیاسی ہوتی ہے‘ کی مصنفہ کے مطابق عام انسان کئی طرح کے حالات میں بوریت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ مثلاﹰ جب ان کے پاس کرنے کو کافی کچھ نہ ہو، جب کرنے کو بہت کچھ ہو، جب یہ احساس ہو کہ جو کچھ کیا جا رہا ہے وہ بےمعنی ہے یا پھر ایسے حالات جن میں کوئی انسان مصروف تو بہت ہو لیکن اس کے باوجود اسے اپنی ذات میں خلا محسوس ہوتا ہو، جس کے لیے انگریزی میں busy bored کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
زیادہ سوچنے اور پریشان کن خیالات سے بچاؤ کیسے ممکن؟
اس جرمن سوشیالوجسٹ کے مطابق جو کچھ عام انسان کرتے ہیں، اس میں دلچسپی کا تعلق اس بات سے نہیں ہوتا کہ آپ کوئی کام کتنا زیادہ کرتے ہیں۔ ''اس کے برعکس زیادہ اہم بات یہ ہوتی ہے کہ کسی کام میں آپ کی دلچسپی کتنی ہے۔‘‘
اوہلمائر کا مشورہ ہے، ''کسی بھی عام انسان کو خود سے یہ سوال اکثر پوچھتے رہنا چاہیے کہ وہ جو کچھ بھی کر رہا ہے، یا جس طرح بھی زندگی گزار رہا ہے، وہ خود اسے کتنے دلچسپ لگتے ہیں؟‘‘
م م / ش ر (کے این اے)