بھارت آج اپنا 75 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے
26 جنوری 2024بھارت نے اپنی یوم جمہوریہ کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر نئی دہلی میں ہونے والے سب سے بڑے پریڈ میں ناری شکتی یا "خواتین کی طاقت" کی خصوصی طور پر نمائش کی۔ پہلی مرتبہ صرف خواتین پر مشتمل تینوں افواج کے دستے نے مارچ کیا جب کہ نیم فوجی دستہ سی اے پی ایف بھی صرف خواتین فوجیوں پر مشتمل تھا۔
خواتین پائلٹوں نے بھی اپنے فضائی کرتب دکھائے۔ اس کے علاوہ پہلی مرتبہ پریڈ میں 100سے زائد خواتین پر مشتمل فنکاروں نے بھارتی کلاسیکی موسیقی کے آلات کے ذریعہ کرتویہ پتھ پر ایک سماں باندھ دیا۔
بھارت نے فرانس سے رافال جنگی طیارے خریدنے کو منظوری دی
اس موقع پر بھارت نے اپنی فوجی طاقت کا بھی مظاہرہ کیا۔ بھارت اپنی مسلح افواج کی جدید کاری پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔
فرانسیسی صدر ماکروں مہمان خصوصی
اس پریڈ میں فرانسیسی فوجیوں کا ایک دستہ بھی شریک ہوا۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال باسل ڈے پریڈ کے موقع پر بھارتی فوجیو ں نے پیرس میں مارچ پاسٹ میں حصہ لیا تھا۔
پریڈ میں فرانسیسی فضائیہ کے رافیل جنگی طیاروں اور ایک ملٹی رول ٹینکر ٹرانسپورٹ طیارے نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر ماکروں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتی صدر دروپدی مرمو کے علاوہ اہم رہنماوں کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھے۔
بھارتی وزیر اعظم مودی کو فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز دے دیا گیا
ماکروں جمعرات کے روز بھارت آپہنچے تھے۔ بعد میں وزیر اعظم مودی نے ان کے اعزاز میں جے پور میں ایک عشایے کا اہتمام کیا تھا۔ دونوں رہنماوں نے اس سے قبل کاروں کے ایک قافلے کے ساتھ شہر کا دورہ کیا۔ مودی نے انہیں اس رام مند ر کا ایک نمونہ تحفے میں پیش کیا، جسے ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کو منہدم کرکے تعمیر کیا گیا ہے اور جس کا افتتاح گزشتہ دنوں مودی نے کیا تھا۔
خیال رہے کہ بھارت یوم جمہوریہ کے موقع پر کسی غیر ملکی رہنما کو مہمان خصوصی کے طورپر مدعو کرتا ہے۔ گزشتہ سال مصر کے صدر عبدالفتح السیسی مہمان خصوصی تھے۔ نئی دہلی نے اس سال مہمان خصوصی کے طورپرپہلے امریکی صدر جو بائیڈن کو مدعو کیا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے نئی دہلی میں جی 20 سربراہی کانفرنس کے دوران بائیڈن کو خود دعوت دی تھی۔ تاہم بعد میں امریکی حکام نے بتایا کہ صدر بائیڈن بعض وجوہ کی بنا پر یوم جمہوریہ کے پریڈ میں شرکت نہیں کریں گے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کا اہم ترین دورہ منسوخ کر دیا
لیکن یہاں بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکہ میں خالصتانی رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے ناکام قتل کی کوشش میں مبینہ طورپر بھارتی اہلکاروں کے ملوث ہونے کے الزام کے بعد جو بائیڈن نے دہلی نہ آنے کا فیصلہ کیا۔
ماکروں کی آمد کی معنویت
یوکرین پر روس کے فوجی حملے کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات کے باوجود فرانس بھارت کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ اسے نئی دہلی کے ساتھ اربو ں ڈالر کے اہم دفاعی سودوں کی بھی امید ہے۔
بھارت آمد سے قبل ماکروں کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت "بین الاقوامی امن اور سلامتی میں تعاون کرنے والا ایک کلیدی شراکت دار ہے۔"
دوسری طرف وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "ان(ماکروں کی) موجودگی نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرے گی بلکہ اس سے ہماری دوستی اور تعاون کی مشترکہ تاریخ میں ایک نمایاں باب کا بھی اضافہ ہو گا۔"