بھارت انڈونیشیا کی ایک فوجی بندرگاہ کی تعمیر میں مدد دے گا
30 مئی 2018خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے آج بدھ 30 مئی کو جکارتہ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دیگر موضوعات کے علاوہ انڈونیشیا کے علاقے سابانگ میں ایک اکنامک زون بنانے پر بھی بات ہوئی۔ یہ علاقہ جزیرہ سماترا کے سرے پر اور بحری راستے سے عالمی تجارت کے مصروف ترین راستوں میں سے ایک کے قریب واقع ہے۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں واقع صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات کے بعد صدر ویدودو کا کہنا تھا، ’’بھارت ایک اہم دفاعی پارٹنر ہے۔۔۔ اور ہم انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے کام جاری رکھیں گے، اس میں جزیرہ سابانگ اور انڈیمان جزائر پر ایسے انفراسٹرکچر کی تیاری بھی شامل ہے۔‘‘
مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب چین کا علاقے میں بحری اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے۔ اس کے علاوہ یہ مودی کی ’’ایکٹ ایسٹ‘‘ پالیسی کا بھی حصہ ہے جس میں جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک (ASEAN) ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا شامل ہے۔ مودی نے رواں برس تمام آسیان ممالک کے سربراہوں کو بھارت کے یوم جمہوریہ پر نئی دہلی میں مدعو کیا تھا۔ اس سالانہ ایونٹ پر غیر ملکی سربراہان کا یہ سب سے بڑی اجتماع تھا۔
بحیرہ جنوبی چین کے حوالے سے جنوب مشرقی ایشیا کے علاقے میں تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ برونائی، ملائیشیا، فلپائن، تائیوان اور ویتنام بھی اس سمندری علاقے پر اپنا حق جتاتے ہیں۔ اس علاقے سے سالانہ تین ٹریلین ڈالرز کی سمندری تجارت ہوتی ہے۔ انڈونیشیا اس سمندری علاقے پر حق تو نہیں جتاتا لیکن اس کا ناتونا جزائر کے قریب ماہی گیری کے حقوق پر چین کے ساتھ تنازعہ ہو چکا ہے۔
مودی دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والے ملک انڈونیشیا کا اپنا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دوران وہ آج جکارتہ کی مرکزی مسجد استقلال بھی جائیں گے۔ وہ جمعرات 31 مئی کو ملائیشیا روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ حال ہی میں منتخبت ہونے والے وزیر اعظم مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد ملائیشیا کی ہمسایہ ریاست سنگاپور جائیں گے جہاں انہوں نے ایک علاقائی سکیورٹی فورم ’’شنگریلا ڈائیلاگ‘‘ سے خطاب بھی کرنا ہے۔
ا ب ا / ع ا (روئٹرز)