بھارت میں ’جعلی کرکٹ لیگ‘ کا پول کھل گیا
5 جولائی 2020بھارت کے ایک گاؤں میں ایک ایسا انوکھا کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا جو کھیلا تو بھارتی سرزمین پر جا رہا تھا لیکن پیش ایسے کیا گیا جیسے سری لنکا کے کسی گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہو۔ حقیقت چھپانے کے لیے منتظمین نے کرکٹ میچ کے دوران باؤنڈری پر سری لنکن کمپنیوں کے اشتہاری بورڈ بھی لگائے جبکہ گراؤنڈ کے ارد گرد کا ماحول چھپانے کے لیے قناتیں لگا رکھی تھیں۔
مزید پڑھیے: آئی پی ایل ہو گا یا نہیں، فیصلہ بھارتی حکومت کرے گی
اس کی سری لنکن ٹیموں کے درمیان سیریز کے طور پر ایڈرورڈٹائزمنٹ کی گئی تھی۔ یہ میچز یوٹیوب پر لائیو کمینٹری کے ساتھ نشر کیے گئے۔ اس کے علاوہ ایک معروف اسپورٹس ویب سائٹ بھی میچز کے لائیو اسکور دے رہی تھی۔
بھارتی پولیس اِن ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں مبینہ سٹے بازی کی تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق شمالی بھارت کے سیوارا گاؤں (سری لنکا سے ہزاروں کلومیٹر دور) کے ایک مقام پر چھاپہ مارا گیا تھا۔ انہیں اطلاع ملی تھی کہ ان میچوں کو بیٹنگ یا آن لائن سٹے بازی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: لاک ڈاؤن کے باوجود کھلاڑی سٹہ بازوں سے ہوشیار رہیں
پولیس نے مزید بتایا کہ دو افراد کو دھوکہ دہی اور جوئے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ منتظمین اور مزید کھلاڑیوں کی تلاش کی جارہی ہے۔ موہالی پولیس کے چیف کلدیپ سنگھ چہل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ میچز آن لائن بیٹنگ کے مقصد سے منعقد کیے گئے اور سری لنکا کی ٹیمیں ہونے کا بہانہ کیا گیا۔ بھارت میں سٹے بازی ایک غیر قانونی عمل ہے۔
’یووا ٹی ٹوئنٹی لیگ‘، ایک فرضی ٹورنامنٹ
بھارت کی ایک معروف اسپورٹس ویب سائٹ نے اعلان کیا تھا کہ پانچ جولائی سے 29 جولائی تک ’یووا ٹی 20 لیگ‘ کے چودہ میچز سری لنکا کے جنوبی شہر بادولا کے ایک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ویب سائٹ کے مطابق یووا کرکٹ ایسوسی ایشن سری لنکا کے زیر انتظام اس لیگ میں سری لنکا کے بین الاقوامی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔
لیکن اس جعلی یووا ٹی ٹوئنٹی لیگ کا کوئی وجود ہی نہیں ہے اور سری لنکا کرکٹ نے اس کی میزبانی سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ کرکٹ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ اس نام کا کوئی ٹورنامنٹ اس ملک میں منعقد نہیں کیا گیا۔
سری لنکا کے سابق کھلاڑی فرویز ماہروف نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا تھا کہ یہ ایک ’جعلی‘ ٹورنامنٹ ہے۔
مزید پڑھیے: کرکٹ میں بدعنوانی، الجزیرہ کی رپورٹ پر ہل چل
ادھر بھارت کے سیوارا گاؤں میں گراؤنڈ کے مالک نے اس لیگ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ منتظمین نے ان کو کہا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میچز کھیلے جانے ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے گراؤنڈ میں تماشائیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس جعلی کرکٹ ٹورنامنٹ کو کتنے ناظرین نے آن لائن دیکھا یا پھر میچوں پر کتنی رقم کا جوا کھیلا گیا۔
ع آ / ا ب ا (اے ایف پی)