1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز

مقبول ملک
17 جنوری 2017

بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر شروع ہو گئی ہے، جہاں ایک لاکھ دس ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔ ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں اس اسٹیڈیم کی تعمیر پر ایک سو ملین ڈالر کے برابر لاگت آئے گی۔

https://p.dw.com/p/2VuS3
Cricket WM Finale Australien gegen Neuseeland
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ ابھی تک دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے، جس میں ایک لاکھ تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہےتصویر: Reuters/Gray

بھارت کی مغربی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد سے منگل سترہ جنوری کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے ایک بڑے منصوبے کے حصے کے طور پر اس میں تماشائیوں کی گنجائش کم کیے جانے کے بعد سے آسٹریلیا کے شہر میلبورن کی کرکٹ گراؤنڈ ابھی تک دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے، جس میں قریب ایک لاکھ تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

لیکن احمد آباد میں کل پیر سولہ جنوری کے روز جس نئے کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد کی گئی، اس سے خطاب کرتے ہوئے کرکٹ حکام نے کہا کہ یہ نیا اسٹیڈیم دنیا بھر میں سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہو گا، جس میں ایک لاکھ دس ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔

گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر پری مل نتھوانی نے اس موقع پر کہا کہ احمد آباد شہر میں اس تعمیراتی منصوبے پر سات ارب روپے کی لاگت آئے گی اور اس اسٹیڈیم میں کئی دیگر سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔

بھارتی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے نتھوانی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس اسٹیڈیم میں 76 کارپوریٹ باکسز، چار ڈریسنگ رومز، ایک کلب ہاؤس اور اولمپک سائز کا ایک سوئمنگ پول بھی موجود ہوں گے۔

Eden Gardens
کولکتہ کا ایڈن گارڈنز اسٹیڈیمتصویر: Prabhakar Mani Tiwari

یہ تعمیراتی منصوبہ دو سال میں مکمل ہو گا اور اس اسٹیڈیم میں تین پریکٹس گراؤنڈز اور ایک اِن ڈور کرکٹ اکیڈمی بھی ہو گی۔ یہ نیا اسٹیڈیم اس سردار پاٹیل گجرات اسٹیڈیم کی جگہ پر تعمیر کیا جائے گا، جس میں 50 ہزار تک تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی اور جسے حال ہی میں منہدم کر دیا گیا تھا۔

بھارت میں، جس کی قومی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی دنیا کی بہترین ٹیموں میں شمار ہوتی ہے، مجموعی طور پر ایک درجن سے زیادہ ایسے اسٹیڈیم موجود ہیں، جہاں بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلے جاتے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق یہ نیا اسٹیڈیم اپنی تعمیر کے بعد گجرات لائنز کا ہوم اسٹیڈیم بھی ہو گا، جو بھارت میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا انڈین پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ کھیلنے والی آٹھ ٹیموں میں سے ایک ہے۔ ریاست گجرات کی ٹیم رانجی ٹرافی کی موجودہ چیمپئن بھی ہے، جو بھارت کا ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ ہوتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں