بھارت میں چوبیس گھنٹوں کے اندر دو صحافیوں کا قتل
14 مئی 2016مقامی اخبار ’’ڈیلی ہندوستان‘‘ کے بیورو چیف راجو رنجن جمعے کی رات گئے ریاست بہار میں موٹر سائیکل پر سوار جا رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں کے ایک گروپ نے اُن پرپانچ گولیاں فائر کیں۔ ڈسٹرکٹ سیوان کے پولیس چیف سورب کمار نے اے ایف پی کو ٹیلی فون پر بتایا، ’’اُن پر بہت قریب سے گولی چلائی گئی۔ ہم نے انہیں فوری طور سے ہسپتال منتقل کیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے کہہ دیا کہ وہ دم توڑ چُکے ہیں۔‘‘
سورب کمار کے مطابق اس قتل کے پچھے کار فرما عوامل کے بارے میں چھان بین کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں دو افراد سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔
سورب کمار کا مزید کہنا تھا، ’’ہم زیادہ توجہ مقتول کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر مبذول کر رہے ہیں۔ بحیثیت صحافی راجو رنجن نے شاید کسی شخص کے خلاف کچھ ایسا لکھ دیا ہو جس کا نتیجہ یہ نکلا۔‘‘
دریں اثناء ٹیلی وژن فوٹیج پر ایسے منظر دیکھنے میں آئے جس میں گاؤں والوں کو سورب کی چتا کی تیاری کے لیے لکڑیاں اکٹھا کرتے دیکھا گیا جبکہ ان کے لواحقین اور دوست احباب بین کرتے اور صدمے کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے تھے۔
قبل ازیں جمعرات کی شب ٹیلی وژن پر کام کرنے والے صحافی اکیلش پرتاب سنگھ کو بھی نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر اُس وقت ہلاک کر دیا تھا جب وہ موٹرسائیکل پر سوار ریاست جھاڑ کھنڈ میں اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔ اس واقعے کی اطلاع مقامی رپورٹرز نے دی۔ جھاڑ کھنڈ ریاست بہار کے پڑوس میں واقع ہے۔ قتل کے اس واقعے کے بارے میں ’انڈین ایکسپریس‘ نے ریاست جھاڑ کھنڈ کی پولیس کے ایک سینیئر اہلکار اُپندرا پرساد کے حوالے سے لکھا ہے، ’’ہمارے پاس اب تک کوئی عینی شاہد موجود نہیں ہے تاہم ہمیں شبہ ہے کہ حملہ آور بھی موٹر سائیکلوں پر ہی سوار تھے۔ یہ معاملہ ہنوز واضح نہیں ہے کہ آیا ہلاک ہونے والے صحافی کو کسی کی طرف سے دھمکیاں ملی تھیں یا نہیں؟‘‘
سنگھ کی فیملی اور ان کے حامیوں نے جمعے کو اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کیے، سڑکیں بلاک کیں ساتھ ہی انہوں نے ہرجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکام سے کہا کہ وہ صحافی اکیلش پرتاب سنگھ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
پیرس میں قائم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کے مطابق 2015ء میں صحافیوں کی ہلاکت کے اعتبار سے مہلک ترین ملک بھارت رہا۔ پریس کی بندشوں اور پابندیوں کے حوالے سے رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی فہرست میں شامل 180 ممالک میں بھارت 133 نمبر پر ہے۔ کہا گیا ہے کہ دنیا کی اس سب سے بڑی جمہوریت میں صحافیوں کو آئے دن پولیس، سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور جرائم پیشہ گینگز کی طرف سے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے اور بھارت میں صحافیوں کو انتہائی معاندانہ حالات میں کام کرنا پڑتا ہے۔