بھارت: گائیوں کے لیے پہلی مرتبہ ایمبولنس سروس
15 نومبر 2021بھارتی ریاست اترپردیش میں مویشی پروری کے وزیر لکشمی نارائن نے اتوار کے روز ایک تقریب کے دوران اطلاع دی کہ ریاستی حکومت سنگین بیماریوں میں مبتلا گائیوں کو ویٹرنری ہسپتال لے جانے کے لیے ایک خصوصی ایمبولنس سروس شروع کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دسمبر سے شرو ع ہونے والی اس ایمبولنس سروس کے لیے لکھنؤ میں ایک کال سینٹر بنایا گیا ہے جہاں ضرورت مند افراد ایک مخصوص ایمرجنسی نمبر پر فون کرکے خدمات حاصل کرسکیں گے۔ اس سروس کے تحت گائیوں کو ممکنہ کم سے کم وقت میں ویٹرنری ہسپتال تک پہنچایا جائے جس میں زیادہ سے زیادہ پندرہ سے بیس منٹ لگیں گے۔ ہر ایمبولنس میں ایک ویٹرنری ڈاکٹر اور دو معاونین بھی موجودہوں گے۔''اس سے سنگین طور پر بیمار گایوں کے جلد علاج میں مد د ملے گی۔‘‘
مویشی پروری کے وزیر لکشمی نارائن نے بتایا کہ فی الحال 515ایمبولنس گاڑیاں اس کام کے لیے تیار کھڑی ہیں۔
’یہ سب الیکشن کا کھیل ہے‘
بھارت میں گائے انتخابات کے دوران اہم ترین موضوعات میں سے ایک ہے۔ شمالی بھارت جسے عرف عام میں Cow Belt بھی کہا جاتا ہے، پنچایت سے لے کر پارلیمنٹ تک کے انتخابات گائے کے بغیر مکمل نہیں ہوتے۔ چونکہ ہندو مت میں گائے کو مقدس مقام دیا جاتا ہے اور اسے ماں کا درجہ حاصل ہے اس لیے ہندو قوم پرست جماعتیں گائے کے تحفظ کے نام پر ووٹروں کو راغب کرتی ہیں جب کہ مبینہ سیکولر جماعتیں گائے کے نام پر شدت پسند ہندووں کے ذریعہ لنچنگ کے واقعات کو پیش کرتی ہیں۔
اترپردیش سمیت بی جے پی کی حکومت والی کئی ریاستوں نے ذبیحہ گائے کے خلاف سخت قوانین بنائے ہیں، جس میں جرم ثابت ہونے پر دس برس تک قید اور پانچ لاکھ روپے تک کے جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔ لیکن گائے کے حوالے سے کوئی مرکزی قانون نہیں ہے۔ ہندو قوم پرست حکومت بھی گائے کے حوالے سے کوئی ٹھوس قانون بنانے سے گریز کرتی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ الیکشن کے کھیل ہے۔ بھارتی صحافی شرد گپتا نے اس حوالے سے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن آنے والے ہیں، ایسے میں یوگی ادیتیہ ناتھ کی بی جے پی حکومت اس طرح کے اور بھی کئی اعلانا ت کرسکتی ہے۔
شرد گپتا کا کہنا تھا،''اترپردیش میں آوارہ گائیوں کا معاملہ ایک سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ جب گائے دودھ دینا بند کردیتی ہے تو کسانوں کے لیے ان کی پرورش کرنا ممکن نہیں رہ جاتا اور چونکہ قانوناً وہ اسے کسی کو فروخت بھی نہیں کرسکتے لہذا انہیں آوارہ چھوڑ دیتے ہیں۔‘‘
شرد گپتا کہتے ہیں، ''گائیوں کے لیے ایمبولنس سروس سننے میں تو اچھا لگتا ہے اور یہ یقیناً اچھی چیز بھی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ریاست میں بدحال ہیلتھ سروسز میں بھی سدھار کیا جانا چاہئے۔ تاکہ لوگوں کو ضرورت پڑنے پر 15سے 20منٹ کے اندر ایمبولنس مل سکے اور وہ ہسپتال پہنچ سکیں۔‘‘
ہیلتھ سروسز کی خستہ حالی
رپورٹوں کے مطابق صحت کے میعارات کے لحاظ سے اترپردیش کی حالت بہت خراب ہے۔ اترپردیش نے گوکہ 'نیشنل فیملی ہیلتھ سروے‘ کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری نہیں کیے ہیں تاہم 'سیمپل رجسٹریشن سروے‘ کے2019کے اعدادو شمار کے مطابق اترپردیش، نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات کے لحا ظ سے دوسرے نمبر پر ہے جب کہ 2016-18کی رپورٹ کے مطابق زچگی کے دوران حاملہ خواتین کی اموات کے لحاظ سے بھی یوپی دوسرے نمبر پر ہے۔
’رورل ہیلتھ اسٹیٹسٹکس 2020-21' کے مطابق شہری علاقوں میں صحت خدمات کی حالت اچھی نہیں ہے جبکہ دیہی علاقوں میں تو حالات اور بھی ابتر ہیں۔حکومتی ادارے نیتی آیوگ کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش میں کسی بھی ضلع ہسپتال میں بستروں کی اوسط تعداد فی ایک لاکھ نفوس پر صرف 13ہے۔