1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ریاست بہارکے اسملبی انتخابات، کانگریس کے لئے ایک امتحان

21 اکتوبر 2010

بھارت کی مشرقی ریاست بہار کا شمار ملک کی غریب ترین ریاستوں میں ہوتا ہے۔ آج اس ریاست کے اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹنگ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/Pk0p
تصویر: AP

بھارتی ریاست بہارکے 38 اضلاع میں دس اعشاریہ چھ ملین ووٹرز اسمبلی کی 243 نشستوں کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ یہ انتخابات چھ مختلف مراحل میں ہونگے اور آخری مرحلہ 20 نومبرکو مکمل ہوگا۔ اس کے بعد 24 نومبرکو نتیجے کا اعلان کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ریاست کے آٹھ اضلاع میں47 سیٹوں پر مقابلہ جاری ہے۔ پر امن انداز میں شروع ہونے والی ووٹنگ میں ابھی تک کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

Ministerpräsident des indischen Bundesstaaes Gujarat Narendra Modi mit Bihar Nitiksh Kumar
اس وقت ریاست پر جنتا دل یونائیٹڈ اور ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی حکومت ہےتصویر: UNI

ان انتخابات میں ریاست کے وزیراعلی نتیش کمار کی جنتا دل یونائیٹڈ، لالو پرساد یادو کے راشٹریہ جنتا دل، کانگریس اور دیگر مقامی چھوٹی سیاسی جماعتوں کے درمیان ہے۔ اس وقت ریاست پر جنتا دل یونائیٹڈ اور ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی حکومت ہے۔ کانگریس پارٹی نے کسی دوسری جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کیا ہے۔

بہار میں مسلم آبادی تقریباً 16 فیصد ہے اور کہا جا رہا ہے کہ مسلمانوں کے ووٹ ان انتخابات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے47 مسلمان امیدوار میدان میں ہیں۔ ریاست میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور دیگر ریاستوں سے ملنے والے سرحدوں پر بھی سخت چھان بین کی جا رہی ہے۔ پولیس ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔

Indien Flut in Bihar
بہار کی 50 فیصد سے زائد آبادی غریب ہےتصویر: CARE

ریاست کے وزیراعلی نتیش کمار کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ جرائم کی شرح کو کم کرنے اور ریاست کو ترقی دینے میں کافی حد تک کامیاب رہے ہیں۔ اس مرتبہ بھی نتیش کمار نے اپنی انتخابی مہم میں ریاست کو مزید ترقی دینے کا وعدہ کیا ہے۔ مشرقی ریاست بہارمیں 2008ء اور09 کے دوران ترقی کی شرح تقریباً 11فیصد رہی تھی، جو اندازوں سے کافی زیادہ تھی۔ لیکن اس کے باوجود بھی اس کا شمار بھارت کی غریب ترین ریاستوں میں ہوتا ہے۔ حال ہی میں کرائے گئے ایک جائزے میں بتایا گیا ہے کہ بہار کی 50 فیصد سے زائد آبادی غریب ہے۔ جبکہ اس کے بعد اڑیسہ کا نمبر آتا ہے، جہاں غربت کی شرح 57 فیصد ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: کشور مصطفی