بھارتی پنجاب: گولڈن ٹیمپل میں اکالی دل رہنما پر قاتلانہ حملہ
4 دسمبر 2024بھارتی صوبے پنجاب کے شہر امرتسر میں واقع سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل میں فائرنگ کا واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا، جب ریاست کے سابق نائب وزیر اعلی اور اکالی دل کے سربراہ سکھ بیر سنگھ بادل کو نشانہ بنایا گیا۔ خبروں کے مطابق بادل پوری طرح سے محفوظ ہیں۔
پولیس نے گولی چلانے والے کی شناخت نارائن سنگھ چورا کے نام سے کی ہے، جنہیں خالصتانی گروپ ببر خالصہ انٹرنیشنل (بی کے آئی) کا کارکن بتایا جا رہا ہے۔ گولی چلنے کے فوری بعد موقع پر موجود لوگوں نے انہیں قابو کر کے پولیس کے حوالے کیا۔
امرتسر میں انتہاپسند ہندو لیڈر کو قتل کر دیا گیا
سکھوں کے اعلی مذہبی ادارے اکال تخت نے حال ہی میں سکھ بیر سنگھ بادل کو سزا سنائی تھی اور وہ اسی مذہبی سزا کے تحت مندر کے دروازے پر گارڈ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
بھارت: سکھوں کی مقدس عبادت گاہ میں مبینہ ’توہین آمیز عمل‘، ایک نوجوان قتل
اکال تخت نے سن 2007 سے 2017 تک پنجاب میں شرومنی اکالی دل کی حکومت کے دوران ہونے والی "غلطیوں" کے لیے انہیں سزا سنائی تھی، جب وہ نائب وزیر اعلی اور ان کے والد ریاست کے وزیر اعلی تھے۔ ان غلطیوں میں کوٹکپورہ میں توہین مذہب کے واقعات پیش آنے کے ساتھ ہی پولیس فائرنگ کے واقعات بھی شامل تھے۔
فائرنگ سے متعلق ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ وہیل چیئر پر نیلے رنگ کی 'سیوادار' وردی میں ملبوس ایک نیزہ پکڑے ہوئے مندر کے دروازے پر بیٹھے ہیں، تبھی شوٹر نے ان پر فائرنگ کی۔ تاہم وہاں موجود ٹیمپل کے اہلکاروں نے فوری ردعمل کیا اور فائرنگ کرنے والے کو قابو کر لیا۔
جلیانوالہ باغ قتل عام کو ایک سو برس بیت گئے
شوٹر کے بارے میں کیا کہا جا رہا ہے؟
بھارتی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں نشر ہو رہی ہیں کہ حملہ آور نارائن سنگھ چورا متعدد الزامات کے تحت پنجاب میں جیل کی سزا کاٹ چکے ہیں۔ چورا کے خلاف امرتسر، ترن تارن اور روپڑ اضلاع میں ایک درجن کے قریب مقدمات درج ہیں۔
گولڈن ٹيمپل حملے ميں کردار ’مشورے‘ تک محدود تھا، برطانيہ
بھارتی میڈيا نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر 1984 میں پاکستان کا بھی دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کی تربیت کے ساتھ ہی مبینہ طور پر گوریلا جنگ سے متعلق ایک کتاب بھی لکھی۔
ان پر جیل توڑنے کا بھی الزام ہے۔ سن 2004 کے سنسنی خیز جیل بریک کیس میں پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ بینت سنگھ کے قاتلوں سمیت چار اہم قیدی 94 فٹ سرنگ کھود کر فرار ہو گئے تھے۔