بھگدڑ کے حالیہ 10 خوفناک واقعات
اسرائیل میں جمعہ 30 اپریل کو ایک یہودی مذہبی اجتماع میں بھگدڑ میں کم از کم 44 افراد ہلاک ہوئے۔ اس پکچر گیلری میں دیکھیے دنیا میں پیش آنے والے کچھ انتہائی خوفناک بھگدڑ کے واقعات۔
ستمبر 2015 سعودی عرب
24 ستمبر 2015 کو مسلمانوں کے مذہبی فریضے حج کے موقع پر مکہ کے قریب منیٰ میں بگھدڑ کے نتیجے میں کم از کم 717 مسلمان حاجی جان گنوا بیٹھے تھے جبکہ 863 دیگر زخمی ہوئے۔
اکتوبر 2013 - بھارت
13 اکتوبر 2013ء کو بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو زائرین ایک مندر کو ملانے والے کنکریٹ کے ایک پل کے اوپر سے گزر رہے تھے جب اس کے کچھ حصے ٹوٹ کر گر گئے۔ لوگوں کی طرف سے وہاں سے نکلنے کی کوشش بھگدڑ کی وجہ بن گئی جس کے نتیجے میں 115 افراد مارے گئے۔
جنوری 2013 - برازیل
27 جنوری 2013ء کو برازیل کے شمالی حصے میں سانتا ماریا نامی شہر کے ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے کے سبب وہاں بھگدڑ پڑ گئی۔ آگ اور کچل کر مرنے والے افراد کی تعداد 230 سے بھی زیادہ تھی۔
نومبر 2010 - کمبوڈیا
کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں 22 نومبر 2010 کو ایک پل پر بھگدڑ کے دوران کم از کم 350 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ واقعہ واٹر فیسٹیول کے آخری روز پیش آیا۔
جولائی 2010 - جرمنی
24 جولائی 2010ء کو جرمن شہر ڈوئسبرگ میں سالانہ لوو پریڈ کے دوران بگھدڑ 19 افراد کی ہلاکت کی وجہ بنی، جبکہ 342 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ زیادہ تر نوجوان ایک سرنگ نما راستے میں سے گزر رہے تھے جب بہت زیادہ رش اس حادثے کی وجہ بنا۔
ستمبر 2008 - بھارت
بھارت کے تاریخی جودھپور شہر کے قریب چامندا مندر میں بگھدڑ کے سبب 147 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 55 دیگر زخمی۔ یہ واقعہ 30 ستمبر 2008 کو پیش آیا۔
اگست 2008 - بھارت
تین اگست 2008ء کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں نینا دیوی کے مندر پر پہنچے ہوئے زائرین میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب وہاں لینڈ سلائیڈنگ کی افواہ پھیلی۔ اس واقعے میں کم از کم 145 ہندو زائرین ہلاک جبکہ 100 سے زائد دیگر زخمی ہوئے۔
جنوری 2006 - سعودی عرب
مسلمانوں کے مذہبی فریضے حج کے موقع پر 12 جنوری 2006ء کو مکہ کے قریب جمرات کی پل کے مشرقی داخلی راستے پر بگھدڑ کے نتیجے میں 362 حاجی کچل کر ہلاک ہوئے جبکہ سینکڑوں دیگر زخمی بھی ہوئے۔
اگست 2005 - عراق
عراقی دارالحکومت بغداد میں دریائے دجلہ کے پل پر سے گزرتے ہوئے شیعہ زائرین میں وہاں ایک خودکش بمبار کی موجودگی کی اطلاع پھیلنے کے سبب بھگدڑ مچ گئی۔ اس واقعے میں کم از کم 1,005 افراد مارے گئے۔ یہ واقعہ 31 اگست 2005ء کو پیش آیا۔
جنوری 2005 - بھارت
25 جنوری کو بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں مندھر دیوی کے مندر پر بھگدڑ 265 ہندو زائرین کی جان لے گئے۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔