1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیجنگ ہسپتال میں آگ لگنے سے 21 افراد ہلاک، عوام ناراض

19 اپریل 2023

بیجنگ میں گوکہ ایک نجی ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں 21 افراد کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے لیکن اس سانحے کی اطلاع دینے میں تاخیر اور سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل کو سینسرکیے جانے سے لوگوں میں ناراضی ہے۔

https://p.dw.com/p/4QH9K
China I Brand im Changfeng Krankenhaus
تصویر: Mark Schiefelbein/AP/picture alliance

چین  میں حالیہ برسوں میں دارالحکومت میں بھیانک ترین آتش زدگی کے واقعات میں سے ایک میں 21 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ انتظامیہ نے بیجنگ کے ایک نجی ہسپتال میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر شائع ان پوسٹس کو حذف کردیا گیا ہے جن میں اس واقعے کی اطلاع دینے میں تاخیر کیے جانے پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔

آتش زدگی کا یہ واقعہ چانگ فینگ ہسپتال میں منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ ویڈیوز میں آگ کے شعلوں اور دھوئیں کے درمیان لوگوں کو چادروں کو جوڑ کر رسی کی شکل دے کر دیوار کے سہارے نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

بیجنگ چانگ فینگ ہسپتال دارالحکومت کے مغربی شہری علاقے میں ہے جو مرکزی تیانان مین اسکوائر سے بذریعہ کار تقریباً 25 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔

چین کی ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے درجنوں افراد ہلاک

'بیجنگ ڈیلی' کے مطابق 71 افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ جب کہ شام چھ بجے تک ہلاکتوں کی تعداد 21 ہو گئی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق آگ پر آدھے گھنٹے کے اندر قابو پالیا گیا تھا۔ بیجنگ حکومت اس واقعے کے حوالے سے آج بدھ کو ایک پریس کانفرنس منعقد کرے گی۔

ہسپتال کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔ سادہ کپڑے میں بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکار وہاں تعینات کیے گئے ہیں
ہسپتال کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔ سادہ کپڑے میں بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکار وہاں تعینات کیے گئے ہیںتصویر: Mark Schiefelbein/AP/picture alliance

عوام میں ناراضی

حکام نے بدھ کے روز ہسپتال تک رسائی پر پابندی لگادی تھی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹوٹی اور جلی ہوئی کھڑکیوں کو دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ہسپتال کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔ سادہ کپڑے میں بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکار وہاں تعینات کیے گئے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق وی چیٹ پر اس حادثے کے متعلق پوسٹس کو یا تو سینسر کردیا گیا یا پھر انہیں حذف کردیا گیا۔ تاہم وی چیٹ پر اب بھی موجود ایک پوسٹ میں ہسپتال پر نکتہ چینی کی گئی ہے جس نے فروری میں آگ سے بچاو کی اپنی تیاریوں کے متعلق بلند بانگ دعوے کیے تھے۔

ایک دیگر پوسٹ میں جسے بعد میں حذف کردیا گیا، کہا گیا، "یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ بیجنگ جیسے انتہائی بھیڑ بھاڑ والے بڑے شہر میں آتشزدگی کے واقعے میں 21افراد کی ہلاکت کے متعلق بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔"

مقامی اور ریاستی میڈیا کے مطابق آگ لگنے کے وجہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے زخمیوں کے بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں دیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا کہ واقعے کی وجہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ہسپتال سے مزید معلومات کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی کیونکہ ہسپتال نے فون کالز کا جواب نہیں دیا جب کہ اس کی ویب سائٹ بھی ڈاون ہے۔

چین میں ناقص حفاظتی میعاراور ان کے نفاذ میں تساہلی کے سبب ہلاکت خیز آتشزدگی کے واقعات عام ہیں۔

چین کے پولٹری فارم میں آتشزدگی

نومبر میں شمال مغربی سنکیانگ میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ نومبر میں ہی وسطی چین میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے 38 افراد کی موت ہو گئی تھی۔

 ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)