1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترک يونان سرحد پر پوليس کی تارکين وطن کے خلاف کارروائی

4 مارچ 2020

ترک يونان سرحد پر يونانی پوليس نے بدھ چار مارچ کو مہاجرين کے خلاف تازہ کارروائی کی ہے۔ تقريباً پندرہ ہزار تارکين وطن زمينی راستے سے يونان ميں داخل ہونے کی کوششوں ميں ہيں جب کہ ايتھنز حکومت انہيں روکنے کے ليے پر عزم ہے۔

https://p.dw.com/p/3YqPP
Migranten an der griechisch-türkischen Grenze
تصویر: picture-alliance/dpa/XinHua

ترکی اور يونان کی سرحد پر کشيدگی برقرار ہے۔ ہزاروں کی تعداد ميں مہاجرين کا يونان ميں زمينی راستے سے داخلہ روکنے کے ليے پوليس نے آنسو گيس اور ’اسٹن گرينيڈ‘ استعمال کيے۔ يہ ايسے دستی بم ہوتے ہيں، جو متاثرين کو زخمی تو نہيں کرتے تاہم کچھ دير کے ليے آس پاس موجود افراد حواس کھو بيٹھتے ہيں۔ خبر رساں ادارے ايسوسی ايٹڈ پريس کی رپورٹوں کے مطابق تارکين وطن اور يونانی پوليس کے درميان يہ تازہ تصادم بدھ چار مارچ کو کاستانيس نامی ديہات کے پاس سرحدی باڑ پر ہوا۔ تارکين وطن يونان کے راستے يورپ ميں داخل ہونے کی کوشش ميں تھے جبکہ يونانی حکام نے انہيں روکنے کے ليے کارروائی کی۔

ترک صدر رجب طيب ايردوآن نے گزشتہ ہفتے يہ اعلان کيا تھا کہ يونان جانے والے مہاجرين کو نہيں روکا جائے گا۔ ان کے اس اعلان کے بعد اور شامی صوبے ادلب ميں روسی حمايت يافتہ شامی دستوں کی تازہ کارروائيوں کے تناظر ميں ترک يونان سرحد پر ہزاروں کی تعداد ميں تارکين وطن جمع ہونا شروع ہو گئے۔ دريں اثناء بحيرہ ايجبيئن کے راستے بھی ہجرت ميں اضافہ نوٹ کيا گيا ہے۔ اسی ہفتے ايک کشتی ڈوبنے کے باعث يونانی جزيرے ليسبوس پر ايک بچہ ہلاک بھی ہو گيا تھا۔ يونانی حکومت نے صورت حال کو قومی سلامتی کے ليے خطرہ قرار ديا ہے اور مہاجرين کا داخلہ روکنے کے ليے ہنگامی بنيادوں پر کارروائياں شروع کر رکھی ہيں۔

Türkisch-griechische Grenze - Ursula Von der Leyen
تصویر: picture-aliance/dpa/AP/Greek Prime Minister's Office/D. Papamitsos

دوسری جانب ترکی کا الزام ہے کہ يونانی حکام مہاجرين کے ساتھ بدسلوکی کر رہے ہيں۔ ترک صدارتی دفتر کے  مطابق 'جس ملک نے مہاجرين کے ليے پروٹيکشن کا درجہ معطل کر ديا اور تارکين وطن پر آنسو گيس کے شيل برسائے، وہ اخلاقی طور پر بات کرنے کا حقدار نہيں۔‘

ترکی اور يونان کی سرحد پر پيدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خيال کے ليے يورپی يونين کے نائب صدر جوزف بوريل اور کمشنر برائے کرائسس مينجمنٹ يانير لينارکک بدھ کو انقرہ ميں ترک نائب صدر سے مل رہے ہيں۔ يورپی يونين کی اعلی قيادت نے منگل کو سرحدی علاقے کا دورہ کيا تھا۔

يونانی حکام کے اندازوں کے مطابق تقريباً پندرہ ہزار مہاجرين ترکی اور يونان کی سرحد پر پھنسے ہوئے ہيں۔

ع س / ا ب ا، نيوز ايجنسياں