ترک کتابوں میں پیغمبراسلام کے خاکے، شامی برہم
26 نومبر 2021ترک وزارت تعلیم کی جانب سے ابھی حال ہی میں الباب اور دیگر شامی علاقوں میں کتابیں پہنچائیں گئیں تھیں، جن میں اسلامیات کی کتاب میں پیغمبر اسلام کے تصویری اظہاریے موجود تھے۔ مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن میں گو کہ پیغمبر اسلام کے خاکوں کی اشاعت پر براہ راست پابندی نہیں ہے، تاہم مسلمانوں کی بڑی تعداد پیغمبر اسلام کے کسی بھی قسم کے تصویری اظہاریے کو توہین سمجھتی ہے۔
پیغمبر اسلام کا متنازعہ خاکہ بنانے والے سویڈش کارٹونسٹ لارس ولکس حادثے میں ہلاک
فرانسیسی سیکولرازم، اسکول کا نام مقتول ٹیچر پر رکھنے سے انکار
ترک وزارت تعلیم کی جانب سے اسلامیات کی کتاب میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کو مقامی شامی باشندوں نے پیغمبر اسلام کی توہین قرار دیا ہے۔ ایک تصویر میں گلابی سوئیٹر اور ارغوانی پینٹ پہنے ایک داڑھی والا شخص گھٹنوں پر ہو کر اسکول بس سے اترنے والی اپنی بیٹی کو اٹھا رہا ہے۔ اس تصویر والے صفحے کا عنوان ہے، ''پیغمبر اپنی بیٹی فاطمہ کا استقبال کر رہے ہیں۔‘ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ صفحے کی شہ سرخی اسی تصویر سے متعلق ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ترک سرحد کے قریب شامی قصبے جرابلس کے رہائشی اس کتاب کی نقول کو نذر آتش کر رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں ایک مقامی رہائشی مصطفیٰ عبدالحق کا کہنا تھا، ''ہم صبح یہ کتابیں دیکھ کر حیران رہ گئے، جن میں پیغمبر کے تصویری اظہاریے شامل تھے۔ ہم نے تمام کتابیں جلا دیں۔‘‘
انقرہ کے زیرقبضہ دیگر علاقوں بہ شمول الباب شہر میں رہائشیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ کتاب واپس نہیں لی جاتی، تو وہ جمعے کے روز اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ ترکی اور اس کے حمایت یافتہ جنگجو گروپوں نے سن 2016 میں متعدد عسکری آپریشنز کے ذریعے شام کے کچھ علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔ ان علاقوں میں ترک کرنسی لیرا چلتا ہے جب کہ اسکولوں، ڈاک خانوں اور ہسپتالوں میں ترک زبان رائج ہے۔ الباب شہر کے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار جمعہ کازکاز نے کہا ہے کہ یہ کتب قریبی ترک صوبوں سے مہیا کی گئی ہیں جب کہ ان نصابی کتب میں تبدیلی کے لیے غازی انتپ شہر میں قائم محکمہ تعلیم کے دفتر سے رابطہ کیا گیا ہے جب کہ فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ع ت، ع ا (روئٹرز، اے ایف پی)