ترکی نے 'ڈسکارڈ' میسجنگ پلیٹ فارم کو بلاک کر دیا
10 اکتوبر 2024ترکی میں کمیونیکیشن اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ بی ٹی کے پر شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق انقرہ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ڈسکارڈ' تک رسائی کو روک دیا ہے۔
ملک کے وزیر انصاف یلماز تنک کا کہنا کہ انقرہ کی ایک عدالت نے ترکی سے ڈسکارڈ تک رسائی کو روکنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ اس پر اس بات کا کافی شبہ ہے کہ اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے کچھ لوگوں کے ذریعہ "بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور فحاشی" جیسے جرائم کیے گئے ہیں۔
ترکی میں ترک نژاد جرمن قانون ساز کو حراست میں لینے کا واقعہ
وزیر انصاف یلماز تنک نے سوشل میڈیا ایکس پر اس حوالے سے لکھا، "ہم اپنے نوجوانوں اور اپنے بچوں کو۔۔۔۔ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر نقصان دہ اور مجرمانہ قسم کی اشاعتوں سے بچانے کے لیے پرعزم ہیں۔"
روس میں بھی ٹیلی کام کی نگرانی کرنے والے ادارے نے منگل کے روز 'ڈسکارڈ ' پر یہ کہتے ہوئے پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا کہ اس اقدام کا مقصد "دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مقاصد کے لیے پیغام رسانی کے استعمال کو روکنا ہے۔"
ترکی: مخالفین پر کنٹرول کے لیے نیا میڈیا قانون باعث تشویش
امریکہ کے سان فرانسسکو میں قائم کمپنی ڈسکارڈ نے اس حوالے سے اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹ میں کہا کہ "ہم روس اور ترکی میں ڈسکارڈ کے ناقابل رسائی ہونے کی اطلاعات سے آگاہ ہیں۔ ہماری ٹیم اس وقت ان رپورٹس کی چھان بین کر رہی ہے۔"
ترکی: میڈیا سے متعلق نیا قانون، 'غلط معلومات' دینے پر جیل کی سزا
پابندی کی وجہ کیا ہے؟
حکومت نے پیغام رسانی کی اس ایپ پابندی کا فیصلہ جمعے کے روز استنبول میں ایک 19 سالہ نوجوان کے ہاتھوں دو خواتین کے قتل پر ترکی میں عوامی غم و غصے کے بعد اٹھایا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسکارڈ کے کچھ صارفین نے اس قتل کی تعریف کی تھی۔
ٹرانسپورٹیشن اور انفراسٹرکچر کے وزیر عبدالقادر یورالوگلو نے کہا کہ ڈسکارڈ پلیٹ فارم کی نوعیت ایسی ہے کہ غیر قانونی یا مجرمانہ مواد شیئر کرنے پر حکام کے لیے اس کی نگرانی کرنے یا اس میں مداخلت کرنا کافی مشکل ہے۔
ترکی نے ڈی ڈبلیو پر پابندی لگانے کی دھمکی دی
انہوں نے کہا، "چونکہ ڈسکارڈ آئی پی ایڈریسز اور مواد سمیت اپنی معلومات ہمارے سکیورٹی یونٹس کے ساتھ شیئر کرنے سے انکار کرتا ہے، اس لیے ہمیں رسائی کو بلاک کرنے پر مجبور کیا گیا۔"
ترکی نے اگست میں بچوں کے لیے نقصان دہ مواد کا حوالہ دیتے ہوئے ویڈیو گیم پلیٹ فارم روبلوکس تک بھی رسائی پر پابندی لگا دی تھی، جبکہ کئی دنوں تک انسٹاگرام تک رسائی کو بھی بند کر دیا تھا۔
ترکی، سوشل میڈیا پر حکومتی کنٹرول کے نئے قواعد
ڈسکارڈ کیا ہے؟
ڈسکارڈ امریکہ میں قائم ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے، جو ویڈیو گیم کے شائقین میں بہت مقبول ہے اور اس کے تقریباً 150 ملین صارفین ہیں۔
ڈسکارڈ ٹیکسٹ، آڈیو اور ویڈیو شیئر کرنے کے لیے بھی ایک مفت پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اسے بہت سی کمپنیاں داخلی پیغام رسانی کے نظام کے طور پر بھی استعمال کرتی ہیں اور یہ ان لوگوں کے لیے ایک متبادل بن چکا ہے، جو ایکس اور فیس بک سے منہ موڑ چکے ہیں۔
ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز)