1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

توانائی بحران، جرمنی میں کرسمس کی لائٹیں بھی متنازعہ

11 دسمبر 2022

یوکرین جنگ کی وجہ سے جرمنی توانائی کے بحران کا شکار ہے۔ کرسمس کی لائٹیں بھی بہت سمجھ بوجھ کر استعمال کی جا رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4KKwh
Berlin | Weihnachtsmarkt an der Gedächtniskirche
تصویر: Michael Kuenne/Zuma/picture alliance

جرمنی یوکرین جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے توانائی کے بحران کے شکار ملکوں میں سے ایک ہے۔ ان حالات میں کرسمس کی روشنیاں اور کرسمس بازار بھی بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔

جرمنی میں کرسمس کا تہوار اپنی آب و تاب سے شروع ہوچکا ہے۔ وائٹ کرسمس کے آثار نظر آ رہے ہیں اور اس سال کی پہلی برف باری بھی ہو چکی ہے۔ ہر شہر میں  کرسمس کے بازار سجے ہیں۔ مراکز میں جگمگاتے قمقموں اور کرسمس لائٹس کی جھالریں لٹکتی نظر آ رہی ہیں۔ یعنی کرسمس کا اصل روحانی احساس ہر طرف پایا جا رہا ہے۔

لیکن جرمنی میں توانائی کے بحرانکے سبب کرسمس لائٹوں سے لوگوں کی بے پناہ محبت کسی حد تک متنازعہ بن گئی ہے۔ عوامی مقامات پر آرائشی لائٹس کے ذریعے استعمال ہونے والی توانائی نہ صرف مہنگی ہے بلکہ اس کا یوکرین کی جنگ سے بھی گہرا تعلق ہے۔

توانائی کا بحران اور بچت

کرسمس کے موسم کے آغاز سے بہت پہلے جرمنوں نے یہ بحث شروع کر دی تھی کہ اپنے اپنے گھروں کے سامنے یا صحن میں 'کرسمس لائٹیں لگانا‘ کتنا اخلاقی ہے؟ کیا واقعی یہ ضروری ہے کہ سانتا کلاز بالکونی سے لٹک رہا ہو یا جلتے بجھتے قمقموں سے آراستہ قطبی ہرن سجایا جائے؟

Berlin | Weihnachtsmarkt an der Gedächtniskirche
21 دسمبر سے اس سال کے کرسمس مارکیٹس برلن میں کھل گئیںتصویر: Michael Kuenne/Zuma/picture alliance

کرسمس کے موسم میں توانائی کو کس حد تک خرچ کیا جانا چاہیے اور کتنا نہیں؟ اس بارے میں جرمن عوام میں دو رائے پائی جاتی ہیں۔ ایک وہ لوگ ہیں، جو کہتے ہیں کہ یوکرین کی حمایت ظاہر کرنے کے لیے بجلی کے تمام غیر ضروری استعمال کو روک دیا جانا چاہیے۔

 لیکن دوسروں کا کہنا ہے کہ کرسمس کی سجاوٹ کے ساتھ لوگوں کے حوصلے بلند کرنا، ایک دوسرے کو خوشی کا احساس دلانا ، خاص طور پر بحران کے وقت میں نہایت اہم ہے۔

جرمن ماحولیاتی تنظیم'انوائرمینٹل ایکشن‘ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر  یورگن ریش نے اس بحث کا آغاز یہ بتاتے ہوئے کیا کہ کرسمس کے موسم میں بجلی کی کھپت خاص طور پر زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر اس سال  بہت کم چراغاں کیا جانا چاہیے۔

ریش کے بقول، ''ایسا نہیں ہے کہ جرمنی میں کرسمس کے وقت اندھیرا چھا جانا چاہیے لیکن 'اسٹریٹ شاپنگ‘ کے لیے  سڑکوں پر روشنیوں کی چکا چوند کرنے کی بجائے، جو بہت زیادہ بجلی استعمال کرتی ہیں، ہمیں ضروری چیزوں پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘

جگمگ کرتے سٹی سینٹرز

ستمبر 2022 ء میں برلن سینیٹ نے اعلان کیا کہ وہ جرمن دارالحکومت کے ارد گردکرسمس کی روشنی کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے عوامی فنڈز کا استعمال نہیں کرے گی۔ اس کا جواز توانائی کا بحران اور پیسہ بچانے کی ضرورت تھا۔

Berlin |  Weihnachtsbeleuchtung am Kurfürstendamm
برلن کی مشہور زمانہ سڑک Kurfürstendammتصویر: Michael Sohn/AP/picture alliance

 برلن کے مغربی حصے میں مشہور زمانہ Kurfürstendamm بولیوار کو سجانے والی ایک لاکھ چالیس ہزار 'ایل ای ڈی لائٹوں‘ کو گزشتہ ہفتے آن کیا گیا تھا لیکن یہ محض نجی عطیات کی بدولت ممکن ہوا۔  دوسری طرف 'اُنٹر ڈین لِنڈن‘ کے برلن بلیوار کے ساتھ لگے درخت اپنی معمول کی چمکتی ہوئی روشنیوں کے بغیر نظر آ رہے ہیں۔

کرسمس مارکیٹیں اور سیاحت

جرمنی کے کچھ شہروں نے توانائی کی بچت کے لیے کرسمس بازاروں کے کھلنے کے اوقات کو مختصر کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔ جیسا کہ جرمنی کے شہر فولڈا میں ہفتے میں ایک دن بازاروں کو بند رکھا جاتا ہے۔

 تاہم جرمن 'شومینز ایسوسی ایشن‘ اس تبدیلی کے نتیجے میں بجلی کی کوئی حقیقی بچت نہیں دیکھتی  اور کرسمس بازاروں کی اہمیت کو ایک ایسا مقام سمجھتی ہے، جہاں لوگ جمع ہو سکتے ہیں اور مل سکتے ہیں، خاص طور پر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔

Berlin | Weihnachtsmarkt am Gendarmenmarkt
Gendarmenmarkt پر تلسماتی کہانیوں کم منظر پیش کرتا کرسمس مارکیٹتصویر: Ben Kriemann/PIC ONE/picture alliance

تاہم برلن کے ایک بہت ہی مشہور علاقے 'بیبل پلاٹس‘ کو توانائی کا بحران کسی صورت اثر انداز نہیں کر سکا۔ یہاں آنے والوں کے حوصلے پست نہیں کیےگیے۔ برلن کے اس خاص کرسمس بازار کا ماحول انتہائی خوشگوار  ہے، جہاں دیگر کرسمس مارکیٹوں کے برعکس خوب جگمگاتی روشنیاں ہر طرف نظر آ رہی ہیں اور مارکیٹ کے بیچ و بیچ ایک بہت بڑا کرسمس ٹری نصب کیا گیا ہے۔ اس کی حسین سجاوٹ اور جگ مگ دیکھنے کے لیے لاتعداد ملکی اور غیر ملکی سیاح یہاں آتے ہیں۔

جرمن کرسمس مارکیٹیں جرمن ثقافت کی ایک بڑی علامت بھی ہیں۔ اس لیے جرمنی آنے والے غیر ملکی سیاحوں کے لیے کرسمس کا موسم غیر معمولی کشش کا باعث ہوتا ہے۔

جرمنی میں کرسمس سے پہلے کا وقت اپنی تمام مارکیٹوں اور روشنیوں کے ساتھ پوری دنیا کے سیاحوں کے لیے ایک مقناطیس کی حیثیت رکھتا ہے۔ چمکتی ہوئی کرسمس لائیٹیں اگر ضرورت سے زیادہ ہو جائیں تو انرجی کا خرچ یقیناً بڑھ جاتا ہے۔

 

(لیزا اشٹووے) ک م / ا ا