1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمتھائی لینڈ

تھائی لینڈ: بچوں کی نرسری میں شوٹنگ، کم از کم اڑتیس ہلاکتیں

6 اکتوبر 2022

تھائی لینڈ میں چھوٹے بچوں کی ایک نرسری میں اندھا دھند فائرنگ کے ایک خوفناک واقعے میں بائیس بچوں اور کئی بالغوں سمیت کم از کم اڑتیس افراد مارے گئے۔ یہ واقعہ ملک کے شمال مشرقی صوبے نونگ بُوآ لَمپھو میں پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/4Hp9n
Thailand shooting deaths
تصویر: Reuters/A. Perawongmetha

تھائی دارالحکومت بنکاک سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ نرسری دراصل ایک ڈے کیئر سینٹر ہے، جہاں زیادہ تر ملازمت پیشہ والدین کے بہت کم سن بچوں کی دن کے وقت دیکھ بھال کی جاتی تھی۔ پولیس کے مطابق جمعرات چھ اکتوبر کے روز پیش آنے والے اس واقعے میں ایک مسلح حملہ آور نے، جو ایک سابق پولیس اہلکار ہے، اس نرسری میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

امریکہ میں یوم آزادی کی پریڈ پر اندھا دھند فائرنگ میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی

اس شوٹنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اور اس کی تلاش جاری ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ مشتبہ ملزم نے اس جرم کا ارتکاب کیوں کیا۔

بنکاک میں ایک حکومتی ترجمان نے کہا کہ تھائی لینڈ کے وزیر اعظم کو فوری طور پر اس خوفناک واقعے کی اطلاع کر دی گئی اور قانون نافذ کرنے والے ملکی اداروں کے اہلکار مفرور ملزم کی تلاش میں ہیں۔

اس خونریزی کے چند گھنٹے بعد تک کئی زخمیوں میں سے مزید کم از کم سات افراد کا انتقال ہو چکا تھا۔ تب حکام نے ہلاکتوں کی نئی تعداد 38 بتائی، جن میں کم از کم 22 بچے بھی شامل ہیں۔

تھائی لینڈ میں آتشیں اسلحے کی ملکیت کا رجحان

تھائی لینڈ کے عام شہریوں میں آتشیں اسلحے کی ملکیت کا رجحان اس خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ سرکاری طور پر ایسے ہتھیاروں کے لیے لائسنس لینا لازمی ہوتا ہے لیکن اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں عام شہریوں کے پاس غیر قانونی ہتھیار بھی کافی بڑی تعداد میں ہوتے ہیں۔

امریکہ میں قتل عام کی طویل خونی فہرست

Thailand shooting deaths
شوٹنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اور اس کی تلاش جاری ہےتصویر: RUNGROJ YONGRIT/EPA-EFE

تھائی لینڈ میں اندھا دھند فائرنگ کر کے بیک وقت کئی افراد کو قتل کر دینے کے واقعات شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔ ایسے ہی ایک واقعے میں 2020ء میں جائیداد کی خرید و فروخت کے ایک تنازعے میں ایک فوجی نے مشتعل ہو کر یکے بعد دیگرے چار مقامات پر بے دریغ فائرنگ شروع کر دی تھی۔

ناروے ميں ہلاکت خیز شوٹنگ کا زیر حراست ملزم ايرانی نژاد مقامی شہری

اس ملزم کی طرف سے شوٹنگ کے ان واقعات میں مجموعی طور پر کم از کم 29 افراد ہلاک اور 57 زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے برعکس نونگ بُوآ لمپھو نامی صوبے میں بچوں کے ڈے کیئر سینٹر میں آج ہونے والی شوٹنگ میں مجموعی طور پر کم از کم 38 افراد مارے گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے صوبے نونگ بُوآ لمپھو کے شہر نا کلانگ میں مقامی پولیس کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ مفرور مشتبہ ملزم ایک ایسا سابق پولیس اہلکار ہے، جس کی عمر 34 برس ہے اور وہ ایک گن، ایک پستول اور ایک چھری سے مسلح ہے۔

م م / ش ر (روئٹرز، اے ایف پی)