تیس جون ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے ایک تاریخی دن کیسے رہا؟
11 جولائی 2024مسافروں کی تعداد کے اعتبار سے گزشتہ ماہ کا آخری دن، یعنی 30 جون برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ کا مصروف ترین دن رہا، جب کل 268,000 افراد نے اس ہوائی اڈے پر موجود ٹرمینلز کے ذریعے سفر کیا۔
ہیتھرو ایئرپورٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پچھلے ماہ پانچ دن اس ہوائی اڈے پر مسافروں کی تعداد 260,000 سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ جب کہ اس سال جون میں وہاں مسافروں کی کل تعداد 7.4 ملین ریکارڈ کی گئی، جو کہ پچھلے سال جون میں سات ملین کی تعداد سے 5.6 فیصد زیادہ تھی۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے اس وقت ہیتھرو ایئرپورٹ پر تعینات عملے کی تعداد 90,000 ہے، جو کہ تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ اس عملے میں مسافروں کے سامان کی منتقلی اور دیکھ بھال کرنے والی 'بیگیج رزیلینس ٹیم' کے اہلکاروں کے علاوہ مسافروں کی معاونت کے لیے تعینات سینکڑوں اہلکار بھی شامل ہیں۔
اس بارے میں ہیتھرو ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکیٹو تھامس وولڈبائے کا کہنا تھا، "جون میں ہیتھرو کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریکارڈ ٹوٹے ہیں۔ ان میں ایک دن میں سب سے زیادہ مسافروں کو خدمات فراہم کرنا بھی شامل ہے۔"
انہوں نے اس دن ہوائی اڈے پر ایک دن میں 268,000 مسافروں کے لیے آسان سفر یقینی بنانے پر ایئرپورٹ کے ملازمین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ہیتھرو ایئرپورٹ بیان میں مزید بتایا گیا کہ 25 جون کو ایک تکنیکی خرابی کے باعث برٹش ایئرویز کی پروازوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافرین کو مشکلات کا سامنا رہا کیونکہ اس دن ہوائی اڈے سے اس ایئر لائن کی روانہ ہونے والی پروازوں میں سامان لوڈ نہیں کیا جا سکا اور ایئرپورٹ آنے والی پروازوں میں موجود سامان کی ترسیل تاخیر کا شکار رہی۔
دریں اثنا، برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر لائنز کی جانب سے ہیتھرو ایئرپورٹ استعمال کرنے پر دی جانے والی فیس میں 2026ء کے آخر تک کمی کر دی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس نے ایسا کاروباری مسابقت کے حوالے سے کام کرنے والے حکومتی ادارے 'کمپٹیشن اینڈ مارکٹس اتھارٹی' کے برٹش ایئرویز، ڈیلٹا ایئر لائنز اور ورجن اٹلانٹک کی اپیلوں پر ایک فیصلے کے جواب میں کیا ہے۔
م ا ⁄ ش ر (ڈی پی اے)